ایران کے دارالحکومت تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والا جنیوا کا جوہری سمجھوتہ، ایرانی قوم کی استقامت کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے آج تہران کے خطبۂ نماز جمعہ میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے جنیوا سمجھوتے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم کی عزت و سربلندی، استقامت و مزاحمت میں ہے اور یہ استقامت، ملک کے نظام اور مصلحت کے بھی شامل حال ہے۔ تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے، اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایرانی قوم کی استقامت کے مقابلے میں ہی دشمن جھکنے پر مجبور ہوا، صراحت کے ساتھ کہا کہ دشمن کے مقابلے میں عمل میں لائے جانے والے اقدامات میں انقلابی امنگوں کے ساتھ سفارتی کوششیں شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سے قبل یہ دشمن، اس بات کی اجازت بھی نہیں دے رہے تھے کہ ایران میں سینٹری فیوجز کا استعمال ہو مگر بحمد اللہ ایران میں ایرانی قوم کی استقامت اور انقلابی دانشوروں کی کوششوں سے انّیس ہزار سینٹری فیوجز کا استعمال ہوا۔ تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے ایرانی مذاکرات ٹیم کو مخاطب کرکے کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک کے مقابلے میں اس ٹیم کی مکمل ہوشیاری کی ضرورت ہے اس لئے ایک طرف ایرانی قوم، ایران کی اس ٹیم پر مکمل اعتماد کرتی ہے اور دوسری طرف وہ گروپ پانچ جمع ایک پر کوئی اعتماد نہیں کرتی۔