جنوبی سوڈان میں پرتشدد جھڑپوں میں اضافے کے ساتھ ہی اس ملک کے دارالحکومت "جوبا" کے باشندوں کی ایک بڑی تعداد یوگینڈا کی جانب ہجرت کرگئی ہے۔ فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق جنوبی سوڈان میں گذشتہ تین ہفتوں سے جاری جھڑپوں میں اضافے کے ساتھ ہی اس ملک کے دو لاکھ سے زیادہ باشندے یوگینڈا کی طرف ہجرت کرگئے ہیں۔ ہفتے کی رات بھی جنوبی سوڈان کے دارالحکومت کے اطراف میں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ فوج اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اس قدر شدید تھا کہ ایسا معلوم ہورہا تھا کہ رہائشی علاقہ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ جنوبی سوڈان کی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ فوج ملک میں رونما ہونے والے واقعات کا قریب سے جائزہ لی رہی ہے۔ یادرہے کہ جنوبی سوڈان میں ہونے والی خانہ جنگی میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔