وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومتی کمیٹی کا پہلا اجلاس وزیر اعظم ہاوس میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثارنے کمیٹی ارکان کو حکومتی سطح پر کی جانے والی کوششوں سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل اور آئندہ کی حکمت عملی سمیت مذاکرات کے حامی طالبان گروپوں سے بات شروع کرنے کے طریقے پربھی غورکیا گیا۔وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کو طالبان سے مذاکرات کے لیے گائیڈلائن دی۔ اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی کے اسکوپ اورمینڈیٹ پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بات چیت کے زریعے امن قائم کرنے کی کوششیں کامیاب بنانا چاہتے ہیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کمیٹی مذاکرات پر آمادہ گروپوں کے ساتھ رابطوں کو یقینی بنائے۔ چوہدری نثار علی خان کمیٹی کو مطلوبہ وسائل اور خفیہ معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت ارکان کمیٹی کو مکمل سیکیورٹی اور سفری سہولیات فراہم کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عرفان صدیقی کمیٹی کے کارڈینیٹر ہونگے، وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کو براہ راست تمام پیش رفت سے آگاہ رکھیں گے۔اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی کے چاروں اراکین عرفان صدیقی،رستم شاہ مہمند،رحیم اللہ یوسف زئی اور میجر ریٹائرڈ عامر سمیت وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی شریک تھے۔