تہران کے خطیب نماز جمعہ نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی برسی کی مناسبت سے عظیم الشان مراسم کے انعقاد پر تاکید کی ہے ۔ تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ سید احمد خاتمی نے حضرت امام خمینی ( رح ) کی رحلت کی 25 ويں برسی کی آمد کی مناسبت سے کہا کہ ان پروگراموں کا شان و شوکت سے منایا جانا ، مکتب امام (رح) کے ساتھ بیعت اور آپ کے جانشین صالح ، حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای کی بیعت کے پیغام کا حامل ہے ۔ تہران کے خطیب جمعہ نے، ظالم پہلوی حکومت کے خلاف تحریک کی شروعات کی تاریخ ، 15 خرداد مطابق پانچ جون کی آمد کی مناسبت سے بھی کہا کہ پانچ جون 1963 کا دن ، اسلامی انقلاب کا سرچشمہ شمار ہوتا ہے اور اسی دن ایران کےاسلامی انقلاب کا بیج بویا گیا جو گیارہ فروری 1979 کو بارآور ثابت ہوا ۔ تہران کے خطیب جمعہ نے مزید کہا کہ جب تک کہ اسلامی انقلاب اور ملت ایران کے خلاف امریکہ کی دشمنی اور شیطنت جاری رہے گي ملت ایران اسی طرح امریکہ مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے گي ۔ آیۃ اللہ خاتمی نے اسی طرح ایرانی شمسی سال 1393 کو، معیشت و ثقافت کے شعبے میں قومی عزم اور مجاہدانہ مدیریت سے موسوم کئے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کے عزائم کو عملی جامہ پہنانے پر تاکید کی ہے۔تہران کے خطیب جمعہ نے تہران ميں قرآن کے بین الاقوامی مقابلوں کی جانب اشارہ کرتےہوئے کہا کہ یہ مقابلے دنیا ميں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے مقابلے ہیں جو اسلامی انقلاب کی برکتوں کا نتیجہ ہیں ۔