ہندوستان کشمیر میں اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کی طرف سے قرآنِ کریم کے نادر و نایاب مخطوطات اور خطاطی کے نادر شاہپاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ نمایش میں گزشتہ تقریباً آٹھ سو سال کے دوران کشمیر میں کتابت کئے گئے قرآنِ کریم کے نسخے عوامی مشاہدے کے لئے رکھے گئے ہیں، جن میں سے بعض آبِ زر اور زعفران کی روشنائی سے لکھے گئے ہیں۔ نمائش کا افتتاح سابق ڈائریکٹر جنرل کلچر محمد یوسف ٹینگ نے کیا اور اس موقعے پر سرکردہ شہریوں اور فن شناسوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ نمائش میں نسخہ فتح اللہ ، تفسیر حسینی ، مختلف خطوط میں رقم قرآن مجید، تراجم، تفاسیر اور خطاطی کے نادر نمونے عوامی دلچسپی کا خاص مرکز رہے۔ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد یوسف ٹینگ نے کشمیر میں قرآنی فنون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی، جن میں خطاطی کے خاص کشمیری قلم میں کتابت کردہ نسخوں ، قرآن کریم کے حاشیوں کی مذہب کاری ، طلا کاری اور جلد بندی شامل ہے ۔ اس موقعے پر اُنہوں نے بتایا کہ سینکڑوں برسوں کی محنت سے حاصل شدہ اس گنج ہائے گران مایہ کے تحفظ اور انہیں آئندہ نسلوں تک لے جانے کے لئے اِس قسم کی نمائشوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے ۔ نمائش میں خط غبار کا ایک سکرول بھی رکھا گیا ہے، جس میں قرآن کریم کے 30 پاروں کی انتہائی باریکی لیکن استادانہ انداز سے کتابت کی گئی ہے ۔ نمائش میں بعض بزرگان دین دست مبارک سے کتابت کردہ قرآن کریم کے نمونے بھی رکھے گئے ہیں۔