غزہ کے مختلف علاقوں پر صہیونی فوج کے آج کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں فلسطینیوں کی شہادت کے ساتھ، گذشتہ 14 دنوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 510 ہوگئی ہے۔ الاقصی ٹی وی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق غزہ اور رفح کے مختلف علاقوں میں غاصب صہیونی حکومت کے فضائی اور توپخانوں کے حملوں میں ابتک 40 سے زیادہ فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب گذشتہ روز غزہ کے الشجاعیہ کے علاقے میں غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 120 سے تجاوز کرگئي ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صہیونی حکومت کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی خاندان بے گھر ہوچکے ہیں۔ مسلسل 14 ویں روز محصورین غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، تازہ بمباری کے نتیجے میں 7 کمسن بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جبکہ ایک اور کارروائی میں صیہونی فوج نے سرحد عبور کرنے کا الزام لگاتے ہوئے فائرنگ کر کے مزید 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جارہا ہے۔ ادھر فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے صہیونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں صہیونی حکومت کے شہروں تل ابیب، سدیروت، اشدود اور عسقلان پر سیکڑوں راکٹ فائر کیئے ہیں، جس کے نتیجے میں دسیوں صہیونیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ نے بھی صہیونی حکومت کی فوج کے درجنوں میرکاوائی نامی ٹینکوں تباہ کردیاہے۔ قابل ذکر ہے کہ صہیونی حکومت نےاپنے دسیوں فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔