آخري جمعه رمضان المبارك میں اسلامی جمہوریۂ ایران سمیت دنیاکے مختلف ملکوں میں عوام نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے نکالے گئے جلوسوں میں بڑی تعداد میں شرکت کی اور غزہ کے مظلوم اور نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ۔ عالمی یوم قدس کے جلوسوں ميں شریک ایرانی عوام نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں نیز اسلامی کانفرنس تنظیم اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فرسودہ اور غیر موثر موقف کو ترک کرکے جعلی صہیونی حکومت کے حکام کو جنگی مجرم کی حیثیت سے سزا دیئے جانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں اور اسے اپنے ایجنڈے ميں قرار دیں ۔ عالمی یوم قدس کے مظاہرے کے شرکاء نے ایک قرارداد میں، غزہ میں صہیونی حکومت کی بربریت کو جنگي جرائم اور نسل کشی کا مصداق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلم قوم، اسرائیل کے مقابلے میں فلسطینی گروہوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو، بیت المقدس کی آزادی کی امنگوں کے حصول اور فلسطین کی مقدس سرزمین سے غاصب صہیونیوں کے انخلاء کا اہم ترین عامل قرار دیتی ہے ۔ واضح رہے کہ آج تہران سمیت ایران کے دیگر شہروں میں مقامی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے جلوسوں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہوا جن میں لاکھوں کی تعداد میں بوڑھے، جوانوں ، بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔تہران کا مرکزی جلوس تہران یونیورسٹی میں اختتام پذیر ہوا ۔ پورے ایران میں عالمی یوم قدس کی ریلیوں کو کوریج دینے کے لئے 3000 ملکی اور غیر ملکی نامہ نگار اور فوٹو گرافر موجود تھے ۔ دوسری جانب اطلاع ہے کہ 18 دنوں سے مسلسل صیہونی بمباری کے باوجود فلسطين کے مختلف شہروں ميں مظلوم فلسطينیوں نے عالمي يوم قدس کے جلوسوں ميں شرکت کی اور اپني سرزمين اور قبلہ اول کي آزادي تک اپني جد و جہد جاري رکھنے کا عزم دہرایا ۔دوسری جانب لبنان، عراق، پاکستان، ہندوستان سمیت دنیا کے 80 ملکوں میں عالمی یوم قدس کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں ۔پاکستان نے غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف سرکاری سطح پر غزہ کے عوام سے یوم یکجہتی منانے کا اعلان کیا ہے۔ فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لیے جمعۃ الوداع کو پاکستان میں اس ملک کے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اعلان کے بعد یوم سوگ منایا جا رہا ہے اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں۔ وزیر اعظم نوازشریف نے غزہ کے متاثرین کے لیے 10لاکھ ڈالر امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی (رح) نے 1979 اگست کے شروع میں 13 رمضان المبارک کو صیہونی حکومت کے چنگل سے فلسطینی سرزمینوں خاص طور پر بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لئے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس منانے کا اعلان کیا تھا۔