17/11/2014 - رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگي میں آج صبح (بروزپیر) امام علی (ع) فوجی یونیورسٹی میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی یونیورسٹیوں کے تربیت یافتہ جوانوں کی مشترکہ آٹھویں حلف برداری اور نشان اعطا کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی، تقریب کے میدان میں پہنچ کر سب سے پہلے شہداء کے مزار پر حاضر ہوئے اور دفاع مقدس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
اس کے بعد میدان میں موجود فوجی دستوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کو سلامی پیش کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس تقریب میں مسلح افواج کو ہر ملک کے اقتدار کےبنیادی ستونوں میں قراردیتے ہوئے فرمایا: مسلح افواج کے حقیقی اقتدار کے لئے ایمان، بصیرت، پختہ عزم اور حقیقی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ پیشرفتہ ہتھیاروں سے مسلح ہونا اور تربیت یافتہ افراد کی ضرورت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے آج کی دنیا کو حقیقی اسلام کے حریت پسند پیغام کے لئے تشنہ قراردیتے ہوئے فرمایا: عالمی سامراجی اور منہ زورطاقتیں فوجی طاقت، ہنر ، سیاست اور اپنے تمام وسائل کے ذریعہ حقیقی اسلام کی آواز کو روکنے اور دبانے کی تلاش و کوشش کررہی ہیں اور سامراجی طاقتوں کا روزافزوں خوف و ہراس اس بات کا واضح ثبوت ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مسلح افواج کے اقتدار کے بارے میں گہری اور غیر سطحی رفتار پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: کسی ملک کی مسلح افواج کے اقتدار کا سبب صرف پیشرفتہ ہتھیار ، تربیت یافتہ جوان اور فوجیوں کی زیادہ تعداد نہیں ہوتی ہے بلکہ معنوی جذبہ ،ذمہ داری کاحقیقی ادراک اور مختلف جہات پر گہری نظر حکمفرما ہونی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ملک کی مسلح افواج کے پختہ عزم، خلاقیت، قدرت ، علمی اور معنوی توانائیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج پر دنیا کی گہری نظر ہے اور دنیا ایرانی مسلح افواج کو سنجيدگی سے لے رہی ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ جہاں بھی رزم و پیکار اور ذمہ داری کی بات ہوتی ہے وہاں ایرانی مسلح افواج اپنی تمام توانائیوں کو بروی کارلائے گی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امام علی(ع) یونیورسٹی کے افتخارات اوراس یونیورسٹی کے گرانقدر شہداء کی طرف اشارہ کیا اوریونیورسٹی کے کیڈٹوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: ملک کے اقتدار کے ایک رکن کے عنوان سے مسلح افواج کی روزافزوں ترقی اور بلندی کے لئے اس علمی اور فوجی مجموعہ میں آپ اپنے آپ کو اچھی طرح آمادہ کریں اور دانشوروں اور ماہرین کی طرح جو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید تخلیقات پیش کررہے ہیں آپ بھی جدید ترین فوجی وسائل کی تخلیق کے ذریعہ ملک کے فوجی نظام کو مضبوط و مستحکم بنانے اور اس کی رفعت و بلندی کے لئے اپنے علم و دانش سے بھر پور استفادہ کریں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے دوسرے حصہ میں ہر دور سے زیادہ بشریت کے لئے ایرانی قوم کے اسلامی پیغام کی نیاز و ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عالمی سامراجی اور منہ زور طاقتیں اسلامی کے حریت پسند پیغام کو اپنے مفادات کے لئے خطرہ تصور کرتے ہوئے شدید نگراں ہیں اور وہ اسلام کی آواز کو دبانے کے لئے اپنے تمام وسائل، سیاست اور ہنر سے استفادہ کررہی ہیں اور دنیا کو اسلام سے خوفزدہ اور ہراساں کررہی ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلام کے نام پر دہشت گرد گروہوں کی تشکیل ، نام نہاد اسلامی حکومت کی تشکیل اور ان دہشت گرد گروہوں کے ذریعہ بے گناہ افراد کے قتل عام کو اسلام سے ڈرانے اور خوفزدہ کرنے کا دشمنوں کا ایک نیا طریقہ قراردیتے ہوئے فرمایا: انسایت کے لئے اسلام کا پیغام امن و صلح ، عزت اور سربلندی پر مبنی ہے لیکن اسلام کے دشمن نہیں چاہتے کہ قومیں اس پیغام سے آشنا ہوسکیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امام علی علیہ السلام یونیورسٹی کے کیڈٹوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: آپ سے پہلے والی نسل نے اسلام کے پیغام کو ہاتھ میں لے کر جنگ ، سیاست اور انقلاب کے میدانوں میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اور اب آپ ان عظیم شہیدوں اور گرانقدر انسانوں کے وارث ہیں اوراس پیغام کو اب دنیا کے سامنے پیش کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل امام علی فوج یونیورسٹی کے کمانڈر جنرل فولادی نے خوش آمدید پیش کرتے ہوئے ایمان اور بصیرت ، روزمرہ مہارتوں و کیفیت کے رشد و ارتقاء کے سلسلے میں اس یونیورسٹی کی تعلیمی اور تربیتی سرگرمیوں اور پروگراموں کے سلسلے میں رپورٹ پیش کی۔
اس تقریب میں کمانڈروں، فوجی اساتید، اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے ممتاز جوانوں اور ایک شہید کی ماں کو قرآن مجید کی ایک جلد اور جوائز سے نوازا گیا اور نئے فوجی جوانوں کے نمائندے نے بھی رہبر معظم انقلاب اسلامی سے اپنے نشان کو حاصل کیا۔
اس تقریب میں فوجی یونیورسٹیوں کے جوانوں نے گراؤنڈ میں " وارثان شہداء" پروگرام پیش کیا۔
اس تقریب کے اختتام پر فوجی جوانوں نے خود اعتماد کارروائی اور پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا۔