ایران کے وزیر خارجہ کا حزب اللہ لبنان کے سربراہ کے نام تعزیتی پیغام

Rate this item
(0 votes)
ایران کے وزیر خارجہ کا حزب اللہ لبنان کے سربراہ کے نام تعزیتی پیغام

ایران کے وزیر خارجہ نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ کے نام ایک پیغام میں عظیم مجاہد مصطفی بدرالدین کی شہادت پر لبنان کی حکومت، قوم اور تحریک مزاحمت کو تعزیت و مبارک باد پیش کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عظیم مجاہد مصطفی بدرالدین کی شہادت کی مناسبت سے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ شہید مصطفی بدرالدین، اسلام، لبنانی عوام اور تحریک مزاحمت کی حق پسندانہ امنگوں کے دفاع اور دہشت گردی و ظلم و ستم کے خلاف مہم میں مکمل توانائی اور گہری دلچسپی کے ساتھ بھرپور سرگرم عمل تھے۔ ایران کے وزیر خارجہ کے پیغام میں آیا ہے کہ یقینا اس مجاہد شخصیت کی شہادت سے، صیہونی حکومت اور دہشت گردی کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرنے والی قوتوں کا عزم ماضی سے کہیں زیادہ مضبوط ہو گا۔ محمد جواد ظریف نے اپنے پیغام میں خداوند متعال سے اس عظیم شہید کے درجات کی بلندی اور ان کے مجاہد گھرانے کو صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔ واضح رہے کہ لبنان کے المیادین ٹی وی نے جمعے کی صبح اعلان کیا کہ حزب اللہ لبنان کے ایک عظیم مجاہد مصطفی بدرالدین، شام کے دارالحکومت دمشق کے ایئر پورٹ کے قریب واقع ان کی رہائشگاہ پر صیہونی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے وحشیانہ و جارحانہ حملے میں شہید ہو گئے۔

Read 1319 times