آج ایک بار پھر خرم شہر جیسے معرکے درپیش ہیں

Rate this item
(0 votes)
آج ایک بار پھر خرم شہر جیسے معرکے درپیش ہیں

رہبر انقلاب اسلامی نے امام حسین کیڈٹ یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد اور سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی امور میں دشمن کی پیروی نہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے ۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظی سید علی خامنہ ای نے امام حسین کیڈٹ یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد اور سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی امور میں دشمن کی پیروی نہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے ۔ آپ نے فرمایا ہے کہ آج ایک بار پھر خرم شہر جیسے معرکے درپیش ہیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کو امام حسین کیڈٹ یونیورسٹی کی سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں، کیڈٹوں کو مخاطب کرکے فرمایا کہ مستقبل آپ کا ہے اور فتح خرم شہرکی تاریخ کی، اس کی عزت و عظمت کے ساتھ حفاظت آپ کے ذمے ہے۔ آپ نے فرمایا کہ آج ایک بار پھر فتح خرمشہر جیسے معرکے درپیش ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ یہ عظیم فتوحات آپ کو روایتی جنگ کے میدان نہیں بلکہ اس سے بھی ‎سخت جنگوں کے میدانوں میں حاصل کرنی ہیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب کو شکست سے دوچار کرنے کے لئے سامراجی محاذ کی گزشتہ اڑتیس سال کی ناکام کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ انواع و اقسام کے وسائل سے استفادے اور گوناگوں شازشوں کے باوجود سامراجی محاذ کی ناکامی خدا پر توکل، استقامت اور مجاہدت کی کامیابی کی نمایاں مثال ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایرانی عوام میدان میں موجود ہیں اور لاتعداد نوجوان راہ انقلاب میں فداکاری کے لئے تیار ہیں اور یہ وہ چیز ہے جو نصرت و قدرت خدا کو جذب کرتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے سامراجی محاذ کے مقابلے میں اس محاذ آرائی کو ارادوں کی جنگ قرار دیا اور فرمایا کہ اس جنگ میں جس فریق کا بھی ارادہ کمزور ہوا اس کو شکست ہوگی ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آج اسلامی نظام کے خلاف روایتی فوجی جنگ کا امکان بہت کمزور ہے لیکن جہاد باقی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ تمام جہادوں میں ایک جہاد ایسا ہے جس کو خداوند عالم نے جہاد کبیر کہا ہے ۔

آپ نے جہاد کبیر کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا کہ جہاد کبیر کا مطلب یہ ہے کہ اس دشمن کی پیروی نہ کی جائے جو جدوجہد کے میدان میں ہمارے مد مقابل ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اقتصاد، سیاست ، آرٹ اور ثقافت کسی بھی چیز میں دشمن کی پیروی نہ کرنا جہاد کبیر ہے۔ آپ نے فرمایا کہ دشمن کی پیروی نہ کرنا اتنا اہم ہے کہ خدا وند عالم نے بارہا اپنے پیغمبر کو اس کی یاد دہانی کرائی ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اسلامی نظام سے سامراجی محاذ کی دشمنی کی اصل وجہ کی تشریح کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکی بہت کوشش کرتے ہیں کہ دشمنی کی اصلی وجہ زبان پر نہ لائیں لیکن بعض اوقات ان کے بیانات میں اس کا اظہار ہو ہی جاتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ چند روزقبل ایک امریکی عہدیدار نے نہ چاہتے ہوئے بھی آئیڈیالوجی یعنی اسلامی تفکر کی طرف اشارہ کیا جس کے باعث ایرانی عوام محاذ کفر و استکبار کا تسلط اور زور زبرستی قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی تاکید فرمائی کہ آج حقائق کو سامنے لانا ضروری ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ کوشش کریں کہ حقائق کو ذہنوں کی گہرائیوں میں اتارنے کو مد نظر رکھیں ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح اسلامی انقلاب کی اقدار اور نعروں کی حفاظت کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ بھی اس جہاد عظیم میں شامل ہے ، نعرے راستے کی نشاندہی کرتے ہیں ۔ آپ نے فرمایا کہ نعروں کے تعلق سے صرف جذبات کے اظہار پر اکتفا کافی نہیں بلکہ ہر کام میں گہرائیوں پر نظر رکھنا ضروری ہے

Read 1876 times