قرآن کریم کے الفاظ ایک معجزہ اور اس کے اعلی اور پرمغز مفاہیم تک رسائی کا دریچہ ہیں: رہبر انقلاب اسلامی

Rate this item
(0 votes)
قرآن کریم کے الفاظ ایک معجزہ اور اس کے اعلی اور پرمغز مفاہیم تک رسائی کا دریچہ ہیں: رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے قرآن کریم کے الفاظ کو ایک معجزہ اور اس کے اعلی اور پرمغز مفاہیم تک رسائی کا دریچہ قرار دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے رمضان المبارک کے پہلے دن قرآن کریم کے ساتھ انس کی نورانی محفل میں فرمایا کہ روحانی اور دینی سکون قرآنی مفاہیم سے آشنا ہونے کی برکات میں سے ایک ہے اور یہ سکون اللہ تعالی اور اس کی قدرت پر انسان کے ایمان میں اضافے کا راستہ ہموار کرتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، کہ موجودہ حالات میں دنیا کو قرآنی مفاہیم کی ماضی سے زیادہ ضرورت ہے، فرمایا کہ اگر قرآن کریم کے اعلی معانی کو آج کی زبان میں انسانوں کے لئے بیان کیا جائے تو یقینا اس کا بہت زیادہ اثر ہوگا اور اس سے انسانیت کی حقیقی ترقی و پیشرفت کا راستہ بھی ہموار ہوگا کیونکہ عزت، طاقت، مادی آسائش، معنوی تکامل ، فکر و عقیدے کی ترویج اور روحانی سکون و مسرت کا انحصار قرآن پر عمل کرنے پر ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران میں قرآن میں دلچسپی لینے والوں خصوصا اس طرح کے جوانوں کی تعداد میں اضافے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور فرمایا کہ اگرچہ قرآنی الفاظ کی زیبائی اور کشش ایک معجزہ ہے لیکن ان زیبا الفاظ کا مقصد قرآنی مفاہیم کی عظیم الشان اور بابرکت فضا تک رسائی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کی کہ اگر قرآن کے مفاہیم کو دل نشین کر لیا جائے تو یقینا آج کی پیچیدہ ، طوفانی اور مشکلات سے بھری ہوئی دنیا میں قرآنی مفاہیم کی گیرائی و گہرائی اور ان کے اثرات کا زیادہ ادراک حاصل ہوگا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے آج کی دنیا میں تشخص، فکر اور ایمان کے حوالے سے پائے جانے والے خلا نیز اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ انسانیت کو قرآنی مفاہیم کی ضرورت ہے فرمایا کہ ہمیں اپنی ایمانی بنیادیں مضبوط کر کے اور انسانوں تک قرآنی مفاہیم کی منتقلی کے طریقے سے آشنا ہو کر یہ مفاہیم دنیا تک پہنچانے چاہئیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید فرمائی کہ اگر دنیا والوں کو ان مفاہیم سے آشنا کر دیا جائے تو قرآن کریم ہی دنیا میں سب سے زیادہ موثر واقع ہوگا اور پھر بڑی طاقتیں اور ان کے ہتھیار اور صیہونی حکومت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی۔

 

 

Read 1317 times