افغانستان پاکستان کے سرحدی انتظام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، سرتاج عزیز

Rate this item
(0 votes)
افغانستان پاکستان کے سرحدی انتظام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، سرتاج عزیز

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر پر فائرنگ کر کے افغانستان پاکستان کے سرحدی انتظام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

دفترخارجہ کی جانب سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے منسوب بیان میں افغان فورسز کی فائرنگ سے میجرعلی جواد چنگیزی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ پر سخت تشویش ہے جب کہ فائرنگ سے سرحد پر بارڈر مینجمنٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ سرحد پر نقل و حمل کا بہتر انتظام انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا حصہ ہے، پاک افغان بارڈر پر نئے گیٹ کی تنصیب سے منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ہوگا تاہم افغانستان پاکستان کے سرحدی انتظام میں رکاوٹ ڈال رہا ہے جسے سرحدی مینجمنٹ بہتر کرنے میں پاکستان کی مدد کرنی چاہیئے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ ضروری ہے کہ پاکستان اورافغانستان معاملات بات چیت کے ذریعے حل کریں اور یہ کشیدگی پاکستان اور افغانستان کی دوستی کی روح کے منافی ہے جس کی بنیاد ایک ہی مذہب، ثقافتی اقدار اور عوام درمیان مضبوط رشتوں پر ہے، سرحد کے دونوں جانب پائیدار امن اور استحکام سرحدی کنٹرول کو مضبوط کرنے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان سکیورٹی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے معاملے میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔

واضح رہے کہ اتوار کی شب پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان سرحدی گیٹ کی تعمیر پر جھڑپوں کا آغاز ہوا تھا۔

 

Read 1328 times