کراچی میں بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک

Rate this item
(0 votes)
کراچی میں بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک

پاکستان کے شہر کراچی میں دوسرے روز بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ کراچی میں مسلسل دوسرے روز بھی وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، بارش کے باعث شہر کے 50 فیصد سے زائد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید بارش کے باعث سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث بچوں کو اسکول اور شہریوں کو دفاتر جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔بلدیہ ٹاؤن میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جس کے بعد مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ اولڈ سٹی ایریا، کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس اور محمود آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں واقع انڈر بائی پاسز میں بھی پانی بھر گیا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں 2 سے 3 فٹ تک پانی جمع ہے جب کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے والی سڑک بھی ندی کا منظر پیش کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رحمت کی بارش کراچی والوں کے لئے زحمت نہیں بننی چاہیئے، متعلقہ اداروں کے افسران اور عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نالوں کی صفائی کا بھی خود جائزہ لوں گا اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کسی بھی قسم کی غفلت برادشت نہیں کی جائے گی۔

 

Read 1522 times