مسجد کے عالمی دن کی مناسبت سے ائمہ جماعات کی رہبر انقلاب سے ملاقات

Rate this item
(0 votes)
مسجد کے عالمی دن کی مناسبت سے ائمہ جماعات کی رہبر انقلاب سے ملاقات

مسجد کے عالمی دن کی مناسبت سے تہران کی مساجد کے ائمہ جماعات نے حسینیہ امام خمینی(رح) میں رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس موقع پر فرمایا: مسجد ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کا اصلی مرکز ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے صہیونیوں کی مسجد الاقصی کے بارے میں دشمنی اور یوم مسجد کے فلسفہ  کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: صہیونیوں نے 47 سال قبل مسجد الاقصی کو آگ لگائی اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی مذموم اور ناپاک کوشش کی جس کے بعد اسلامی تعاون تنظیم نے اس دن کو یوم مسجد قرار دیا اور اس دن کو اسی دردناک واقعہ کی یاد کے عنوان سے منانا چاہیے۔  یوم مسجد درحقیقت غاصب صہیونیوں کا مقابلہ کرنے کا دن ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلام میں مسجد کی تعمیر و تشکیل در حقیقت اسلامی ثقافت اور سماجی پہلوؤں پر اسلام کی خاص توجہ کا مظہر ہے تاریخ اسلام میں مسجد اہم سیاسی ، سماجی اور فوجی فیصلوں، مشوروں، باہمی تعاون کا اصلی مرکز رہی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے مسجد میں نماز کی ادائیگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: نماز کو توجہ اور خضوع و خشوع کے ساتھ ادا کرنا چاہیے اور آئمہ جماعات کو بھی نماز کی اہمیت اور نمآز کے اصلی اہداف سے عوام کو آگاہ کرنا چاہیے ۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: مسجد اسلامی ثقافت کے فروغ کا اصلی مرکز ہے لہذا مسجد پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: سامراجی طاقتوں بالخصوص امریکہ کو ایسے اسلام کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں جو اس دور کے یزیدیوں اور امریکیوں کی ہاں میں ہاں ملاتا ہو امریکہ اور سامراجی طاقتوں کی ایسے اسلام سے دشمنی ہے جو ان کے ہاتھ پر بیعت کرنے کے لئے آمادہ نہیں ۔ سعودی عرب کے اسلام اور ایران کے اسلام میں یہی فرق ہے کہ سعودی عرب اس دور کے یزید کی ہمراہی کررہا ہے جبکہ ایران اس دور کے یزید کے مد مقابل سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: سامراجی اور منہ زور طاقتوں کی آشکارا، پوشیدہ اور پیچیدہ عداوتوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران مستحکم اور مضبوط طور پر ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے اور قوم کے باہمی اتحاد اور ایمان کی بدولت دشمن کی تمام سازشیں ناکام اور شکست سے دوچار ہوجائیں گی۔

اکّیس اگست کی تاریخ آسٹریلوی نژاد انتہا پسند یہودی کی جانب سے مسجدالاقصی کو نذر آتش کئے جانے کی سینتالیسویں برسی ہے، جسے مسجد کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اکّیس اگست کی تاریخ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی تجویز و درخواست پر اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے مسجد کے عالمی دن کا عنوان قرار دیا گیا تھا تاکہ مساجد کی حرمت و عزت اور کرامت کی راہ ہموار ہو سکے۔

 

 

Read 1438 times