امریکا پر کسی بھی لحاظ سے اعتماد نہیں کیا جاسکتا

Rate this item
(0 votes)
امریکا پر کسی بھی لحاظ سے اعتماد نہیں کیا جاسکتا

رپورٹ کے مطابق رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سافٹ پاورکا ایک اہم جز ( یا ایران کے اسلامی جمہوری نظام کی طاقت کا اہم راز ) تسلط پسند طاقتوں اور ان میں سرفہرست امریکا پر کسی بھی عنوان سے بھروسہ نہ کرنا ہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکا کے تئیں بے اعتمادی کی اس فضا میں روز بروزاضافہ ہونا چـاہئے-
رہبرانقلاب اسلامی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے امریکا پر مطلق بے اعتمادی کو فکر و تدبر اور تجربے کی بنیاد پر استوار دانشمندی کا نتیجہ قراردیا اور فرمایا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد کے برسوں میں اور حالیہ ایٹمی مذاکرات اور دیگر معاملات میں امریکا کی دشمنی کا مشاہدہ کیا جا چکا ہے - آپ نے فرمایا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کا نہ صرف یہ کہ فائدہ نہیں ہے بلکہ اس سے مذاکرات کرنے میں نقصان بھی ہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے علاقے کے بعض ملکوں کو بھی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر انہوں نے ہوشیاری کا مظاہرہ نہ کیا اور امریکا کے تسلط پسندانہ ہتھکنڈے کو نہ سمجھا اورامریکیوں کی مسکراہٹ کے فریب میں آگئے تو ممکن ہے کہ وہ پچاس سال یا حتی سو سال پیچھے چلے جائیں -
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ مغربی ایشیا کے مسائل خاص طور پر شام، عراق، لبنان اور یمن کے معاملات پر ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لئے امریکا کے اصرار کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ علاقے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی موثر موجودگی کو روکنا چاہتا ہے جس نے خطے میں امریکا کے مقاصد کو ناکام بنا دیا ہے -
رہبرانقلاب اسلامی نے جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے تشخص کی حفاظت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ حفاظت یا تحفظ کا مطلب وقت کے لحاظ سے توقف کرنا نہیں ہے بلکہ دشمن کی پیشرفت اور اس کے وسائل میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ سپاہ پاسداران کو بھی چاہئے کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی تیاری میں مسلسل آگے کی جانب قدم بڑھاتی رہے اور اس راہ میں کہیں بھی نہ رکے - آپ نے ملک کی سلامتی کو ایک انتہائی اہم موضوع اور معاشرے کی معنوی اور مادی ترقی کا عامل قرار دیا -
رہبرانقلاب اسلامی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو انقلاب کا مستحکم مورچہ اور ملک کے اندر اور ملک کی سرحدوں سے باہر سلامتی کے دفاع کا اہم عنصر بتاتے ہوئے فرمایا کہ سپاہ پاسداران کی جملہ ذمہ داریوں میں ملک کے اندر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرحدوں سے باہر بھی سیکورٹی کو یقینی بناناہے- آپ نے فرمایا کہ اگر ملکی سرحدوں سے باہرسیکورٹی نہیں ہوگی اور سرحدوں سے باہر ہی دشمنوں کو نہ روکا گیا تو ملک کے اندر بھی سلامتی اور سیکورٹی نہیں رہے گی -
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایرانی عوام سے دشمنوں کی عداوت اور ناراضگی کی وجہ یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دیگر قوموں کے لئے آئیڈیل بن گیا ہے- آپ نے فرمایا کہ بے شمار دباؤ، پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ایرانی عوام کی تحریک روز بروز زیادہ شفاف طریقے سے اور انتہائی شجاعانہ انداز میں آگے بڑھ رہی ہے جبکہ اسلامی انقلاب کا پاک اور مبارک پودہ ایک تناور درخت میں تبدیل ہوچکا ہے -

 

Read 1637 times