رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے، جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، تہران میں شہید ستاری ایئرفورس یونیورسٹی میں منعقدہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ملٹری یونیورسٹیوں کے کیڈٹوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ اور فوجی جوانوں کو درجے عطا کئے جانے کی تقریب میں فرمایا کہ مسلح افواج کو ایمان و عقیدے، سائنس و ٹیکنالوجی اور نظم و ضبط کے لحاظ سے روز افزوں آمادگی کا حامل ہونا اور دفاع مقدس کے گرانقدر تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ہر وقت آمادہ و تیار رہنا چـاہئے-
آپ نے مومن و کار آمد فوجی جوانوں کو ملک کا عظیم اور حقیقی سرمایہ قرار دیا اور دفاع مقدس کے دور کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ دفاع مقدس کا زمانہ ایک سخت امتحان کا دور تھا جس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کا جوہر نکھر کر سامنے آیا اور فوج کے ہاتھوں انتہائی نمایاں اور درخشاں کارنامے سرانجام پائے-
رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کی ملٹری یونیورسٹیوں میں دفاع مقدس کے زمانے کے واقعات و حالات سے جوانوں کو روشناس کرانے کو ضروری قراردیا اور فرمایا کہ ایران پر مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ درحقیقت ایرانی عوام کی سرحدوں، ان کی شناخت، اقدار، اسلامی جمہوری نظام اور انقلاب کے خلاف ایک بین الاقوامی جنگ اور بڑی طاقتوں اور ان کے عالمی اور علاقائی پٹھوؤں کی ہمہ جانبہ یلغار تھی-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اس بڑے معرکہ میں ایران کی عظیم قوم اور مسلح افواج نے اپنے ایمان، جذبہ استقامت، اللہ پر توکل اور(حضرت) روح اللہ (امام خمینی) کے فرمان پر بھروسہ کر کے اللہ کے لئے قیام کیا اور سبھی طاقتوں پر غلبہ حاصل کیا-
آپ نے اس تقریب میں موجود فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کی گذشتہ نسل اس طرح کی باعث افتخار نسل تھی اور اب آپ لوگ اس کی میراث کے وارث ہیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے دفاع مقدس کے دوران کے کمانڈروں کی شجاعتوں اور بہادری کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ آج پوری دنیا، دوست و دشمن سبھی، زبان اور دل سے ایرانی عوام اور اسلامی جمہوری نظام کی عظمت، ہوشیاری، شجاعت اور ثابت قدمی کا اعتراف کرتے ہیں-
آپ نے ملٹری یونیورسٹیوں کے عہدیداروں اور فوجی کمانڈروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوندعالم کے لطف و کرم سے آنے والا "کل" یقینی طور پر آج سے بہتر ہو گا- اس تقریب کے آغاز میں رہبر انقلاب اسلامی نے شہدا کی یادگار پر حاضری دے کر شہدائے والا مقام کے لئے فاتحہ پڑھی اور پھر فوج کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا- اس تقریب میں فوج کے سربراہ جنرل عطاء اللہ صالحی نے بھی فوج کی مکمل آمادگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی انقلابی فوج، امریکہ کی زیرسرکردگی عالمی سامراج کی جانب سے ہرقسم کے ممکنہ خطرات اور برطانیہ و صیہونی حکومت کی سازشوں پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور سرحدوں کے اس پار کافی دور تک دشمنوں کی ہرطرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔