پاکستان میں عید میلادالنبی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات

Rate this item
(0 votes)
پاکستان میں عید میلادالنبی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں عید میلادالنبی اور ہفتہ وحدت کی تقریبات کےسلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد میں موجود ایرانی سفارتخانے کی جانب سے نجی ہوٹل میں عید میلادالنبی اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی تھے۔ تقریب میں شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے جنرل سیکریٹری علامہ ناصرعباس جعفری اور جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت مختلف مکاتب فکر علماء کرام اور دانشوروں نے شرکت کی۔

 تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ علما محنت کریں تو امت کی رہنمائی ہو سکتی ہے، امت میں وحدت پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ تقریب میں موجود علمائے کرام اور دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے اختلافات مذہبی نہیں سیاسی ہیں، ان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے امت میں اتحاد کی ضرورت ہے۔

تقریب میں موجود تمام شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ حضور اکرم (ص) کی سیرت پر عمل کرکے امت کو متحد کیا جاسکتا ہے جس کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے تمام معزز مہمانون کا شکریہ ادا کیا ۔

 

Read 1324 times