پاکستان سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کا عمل سردیوں کے باعث یکم دسمبر سے روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یو این ایچ سی آر کے مطابق پاکستان سے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی کا عمل سرد موسم کے باعث یکم دسمبر سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو 28 فروری تک رکا رہے گا اور یکم مارچ سے دوبارہ شروع ہوگا۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق واپسی کا عمل معطل ہونے کے بعد بھی پروف آف رجسٹریشن کارڈ موثر رہیں گے اور این ایچ سی آر کے رضاکارانہ دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ رضاکارانہ واپسی فارم کے بغیر افغانستان واپس جانے والے مہاجرین کو امداد نہیں ملے گی۔
یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان آفریدی کے مطابق اس وقت رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 14 لاکھ کے قریب ہے۔
واضح رہے کہ لاکھوں افغان مہاجرین اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان میں کئی برسوں سے زندگی گزار رہے ہیں۔