بدھ کی صبح عوامی رضاکار فورس بسیج کے ہزاروں جوانوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے پچھلے ایک ہفتے کے دوران ایرانی قوم کی پرشکوہ تحریک کی قدر دانی کی۔
آپ نے شرپسندوں کے اقدامات کے خلاف پرجوش مظاہرے کرنے پر پوری قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ قوم نے اپنے اس اقدام سے دشمن کی جانب سے تیار کی جانے والی انتہائی وسیع اور خطرناک منصوبہ بند سازش کو نقش بر آب کردیا۔
آپ نے فرمایا کہ میں ایرانی عوام کی تکریم و تعظیم کرتا ہوں جس نے اپنے اقدام سے ایک بار پھر حقیقی معنوں میں اپنی طاقت اور عظمت کو ثابت کردیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن نے اس سازش کی تیاری پر بھاری سرمایہ کاری کی تھی اور موقع کی تلاش میں تھے کہ تخریبی اقدامات اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کریں۔
آپ نے فرمایا کہ دشمن تصور کر بیٹھے تھے کہ پیٹرول کے معاملے سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اوراسی تصور کے تحت انہوں نے اپنے زرخریدوں کا لاؤ لشکر میدان میں اتار دیا لیکن ایران کے عوام نے اپنے پرشکوہ مظاہروں کے ذریعے دشمن کی چال کو ناکام بنادیا۔
آپ نے ایرانی عوام کے مظاہروں کو پولیس فورس، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور عوامی رضاکار فورس بسیج سخت کے اقدامات سے زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی قوم کی اس عظیم تحریک نے عالمی سامراج اور صیہونیزم کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا اور اسے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایرانی قوم کے دشمنوں نے اس عوامی تحریک کے حقیقی پیغام کو اچھی طرح سمجھ لیا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عوامی رضاکار فورس بسیج کے قیام کو امام خمینی رح کے جانب سے امریکی سامراج کے مقابلے میں عوامی طاقت کے عظیم مظاہرے سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ اگر اس زمانے میں امریکی خطرات کا مقابلہ نہ کیا گیا ہوتا تو معلوم نہیں ملک کا مستقبل کیا ہوتا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایران کا اسلامی نظام اسلامی اقدار پر استوار ہے اور اسلام انصاف و آزادی کا علمبردار ہے، دوسری جانب تسلط پسند طاقتیں آزادی اور انصاف کی دشمن ہیں بنا برایں ایران کو ہمیشہ تسط پسند طاقتوں اور سامراجی محاذ کی جانب سے خطرات کا سامنا رہتا ہے۔
آپ نے امریکہ، یورپ اور دیگر ملکوں میں تسلط پسند نظاموں کی جانب سے آزادی و انصاف کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ تسلط پسند نظام شروع ہی سے قوموں کی آزادی کو دبانے کوشش اور ان کی توہین کر رہا ہے اس میں کوئی عار بھی محسوس نہیں کرتا۔