افغان حکام کو قندوز کے دلخراش واقعہ میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے

Rate this item
(0 votes)
افغان حکام کو قندوز کے دلخراش واقعہ میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے

 رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے افغانستان کے صوبہ قندوزمیں مسجد پر حملے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئےفرمایا: افغانستان کے حکام کو قندوز کے دلخراش واقعہ میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے۔ اطلاعات کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی نے افغانستان کے صوبۂ قندوز کے علاقہ سید آباد کی ایک مسجد میں بم دھماکے اور بڑی تعداد میں نمازیوں کی موت کے دلخراش سانحے پر اپنے ایک پیغام میں فرمایا: اس دردناک اور دلخراش واقعہ میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ہمیں اس المناک واقعہ پر سخت صدمہ پہنچا ہے ۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا:  ہمسایہ اور برادر ملک افغانستان کے حکام سے اس بات کی توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس ‏بھیانک جرم کا ارتکاب کرنے والے خونخوار افراد کو قرار واقعی سزا دیں گے اور ضروری تدابیر اختیار کر کے مستقبل میں ‏اس طرح کے واقعات کی روک تھام کریں گے۔ ‏
اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ اس سانحے  کے شہداء پر رحمت و مغفرت نازل فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے، زخمیوں کو جلد از جلد شفاء عطا کرے اور پسماندگان صبر و سکون اور استقامت عطا فرمائے۔

Read 411 times