لاک ڈاون کے خلاف یورپی ملکوں کے متعدد شہروں میں شدید احتجاج

Rate this item
(0 votes)
لاک ڈاون کے خلاف یورپی ملکوں کے متعدد شہروں میں شدید احتجاج
یورپ میں کورونا کی شدت میں ایک بار پھر اضافے کے بعد مختلف ملکوں نے لاک ڈاون دوبارہ نافذ کرنے اور بہت سی سرگرمیاں محدود کرنے کا اعلان کر دیا جس کے خلاف پورے براعظم میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق، کورونا پروٹوکول  کے خلاف یورپی ملکوں کے متعدد شہروں میں پچھلے کئی روز سے پرتشدد مظاہرے کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے صورتحال انتہائی کشیدہ بنی ہوئی ہے۔

یورپی ممالک ایک جانب کورونا کی نئی لہر سے دوچار ہیں تو دوسری جانب انہیں کورونا کی بندشوں اور پابندیوں کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں کا  بھی سامنا ہے جبکہ مظاہروں کے دوران پھوٹ پڑنے والے تشدد کے واقعات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

کورونا پروٹوکول کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے پچھلے چند روز کے دوران ہالینڈ، بیلجیم، اٹلی ، آسٹریا اور کروشیا کے مختلف شہروں میں، سرکاری سطح پر عائد کی جانے والی بندشوں کے خلاف مظاہرے کیے جو کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد پرتشدد شکل اختیار کرگئے۔ مظاہروں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں اور سیکڑوں کو حراست میں  بھی لیا گیا ہے۔

کورونا پروٹوکول اور بندشوں کے خلاف جمعے کو ہالینڈ سے شروع ہونے والے مظاہرے اس ملک کے کئی شہروں میں پھیل گئے اور  ہیگ، ایمسٹرڈم  اور روٹر ڈم میں ہونے والے مظاہروں کے دوران تشدد بھی پھوٹ پڑا۔

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھی رواں ہفتے کے آخر میں  کورونا پروٹوکول کے نفاذ کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا جو شروع میں پرامن  رہا  لیکن آخر کار پولیس کی مداخلت کے بعد  پرتشدد رخ اختیار کر گیا۔

ادھر فرانس میں یلوجیکٹ ایجیٹیشن کے آغاز کی تیسری سالگرہ کے موقع پر دارا لحکومت پیرس میں احتجاج کی نئی لہر دکھائی دی اور اس بار سڑکوں پر اترنے والے مظاہرین کورونا کی بندشوں، لازمی ویکسینیشن اور بچوں کو ویکسین لگوانے جیسے صحت کے قوانین کی مخالفت کر رہے تھے۔

اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

 درایں اثنا وسطی یورپ کے ملک کروشیا کے شہر زاغرب میں  ہونے والے ایسے ہی ایک مظاہرے میں  پیر سے نافذ ہونے والی  بندشوں اور پابندیوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

 بیلجیئم کے دارالحکومت بریسلز میں، جہاں یورپی یونین کا ہیڈ کوارٹر بھی واقع ہے، کئی ہزار افراد  نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرے کیے اور کورونا  کی وجہ سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے خلاف نعرے لگائے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق بریسلز میں ہونے والے مظاہرے میں کم سے کم پینتس ہزار افراد شریک تھے۔ یہ مظاہرے اس وقت پرتشدد شکل اختیار کر گئے جب پولیس نے کئی مقامات پر مظاہرین  کو آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔

 پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسوگیس کے گولے پھنیکے جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھر اور دوسری اشیا برسائیں۔

 یاد رہے کہ چند روز پہلے عالمی  ادارہ صحت نے بر اعظم یورپ میں کورونا کے پھیلاؤ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کورونا کی بندشیں سخت نہ کی گئیں تو آئندہ موسم بہار کے دوران اس براعظم میں پانچ لاکھ سے زائد افراد کی موت واقع ہو سکتی ہے۔
http://www.taghribnews.com/vdca60nma49nua1.zlk4.html
Read 587 times