کابل کی شیعہ مسجد میں دہشتگردانہ حملے کے شہداء کی تعداد 50 ہو گئی

Rate this item
(0 votes)
کابل کی شیعہ مسجد میں دہشتگردانہ حملے کے شہداء کی تعداد 50 ہو گئی

اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسجد خلیفہ آغا گل جان میں  جمعہ کے دن اُس وقت دہشتگردانہ حملہ ہوا جب وہاں نماز جمعہ ادا کی جارہی تھی اور سیکڑوں نمازی شریک تھے۔

دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ مسجد کے دروازے اور شیشے ٹوٹ گئے جب کہ آس پاس کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی ۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران کئی درجن افراد کو اسپتال منتقل کیا جن میں سے 50 کے شہید ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 78 افراد شدید زخمی ہیں جن میں سے 6 کی حالت نازک ہے۔ بعض ذرائع نے شہداء کی تعداد 66 بتائی ہے۔

دھماکے کے بعد طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا۔ تاحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ اس حوالے سے طالبان سیکیورٹی فورسز تفتیش کر رہی ہیں۔

تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم گزشتہ برس اگست کے وسط میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے مساجد اور سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری وہابی دہشت گرد تنظیم داعش قبول کرتی رہی ہے۔

 قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران قریب پندرہ دہشتگردانہ حملوں میں تین سو کے قریب افراد جان بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، ان میں زیادہ تر حملے مسجدوں میں ہوئے۔ زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

Read 452 times