حماس کا اسرائیل کے خلاف متحدہ محاذ کی تشکیل اور اوسلو معاہدہ منسوخ کرنے پر زور

Rate this item
(0 votes)
حماس کا اسرائیل کے خلاف متحدہ محاذ کی تشکیل اور اوسلو معاہدہ منسوخ کرنے پر زور

غزہ : حماس نے قابض صیہونی حکومت کے خلاف متحدہ محاذ کے قیام پر زور دیا ہے۔ حماس کےسربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جدوجہد کی قیادت کرنے کیلئے فوری طور پر متحدہ محاذ تشکیل دیا جائے۔ خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کی شہادت پراپنے ردعمل میں اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد ایک نئے مرحلے سے گزر رہی ہے، جس میں اہم اور تزویراتی فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ محاذ کاکام نسل پرست حکومت کے خلاف مزاحمت کو ہدایات دینا ہوگا۔ اسماعیل ہنیہ نے ابوعاقلہ کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ محاذ کی تشکیل حکومت کی حیوانیت کی روشنی میں ناگزیر ہے، جس کا اظہار فلسطین کی بیٹی کے قتل میں ہوا ہے۔ حماس کے رہنما نے فلسطینیوں کومختلف فلسطینی گروپوں کے درمیان اتحاد کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب کی بےلگام جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہنیہ نے فلسطینی اتھارٹی سے تل ابیب کی حکومت کے ساتھ تعاون ختم کرنے اور اوسلو معاہدے کومنسوخ کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے فلسطینی انتظامیہ پرزور دیا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے، سیکیورٹی تعاون ختم اور قابضین کا مقابلہ کرنے کے لیے مزاحمت کےجامع منصوبے پرتوجہ مرکوز کرے۔

Read 358 times