محرم الحرام کا آغاز، ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج مجالس عزاء کا سلسلہ شروع

Rate this item
(0 votes)
محرم الحرام کا آغاز، ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج مجالس عزاء کا سلسلہ شروع

 محرم الحرام سن 1444 ہجری قمری کا چاند پیغمبر اسلام (ص)  کے اہلبیت (ع ) کی کربلا کے میدان میں دین اسلام کو بچانے کے سلسلے میں عظیم قربانی کی یاد لیکر نمودار ہوگیا ہے۔  نبی کریم حضرت محمد مصطفی (ص) کے نواسے کی کربلا کے میدان میں عظیم قربانی کی  یاد اسلامی جمہوریہ ایران  سمیت پورے عالم اسلام میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے جس میں لوگ بلا تفریق مذہب و ملت شرکت کرتے ہیں۔ 

 ایران میں محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا ہے اور آج بروز ہفتہ یکم محرم ہے جبکہ پاکستان اور ہندوستان میں محرم الحرام 1444 ہجری قمری کا چاند نظر نہیں آیا ہے اس لئے پاکستان اور ہندوستان میں  کل 31 جولائی بروز اتوار کو اسلامی کلینڈر کی پہلی تاریخ یعنی یکم محرم ہے اور یوم عاشورا 9 اگست کو ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق۔ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف مساجد و امام بارگاہوں کو سیاہ پوش کر دیا گیا اور ہر طرف مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے اور پوری فضا یا حسینؑ یا اباالفضلؑ کے نعروں سے گونج رہی ہے۔

محرم الحرام میں ایران، عراق، پاکستان، ہندوستان، یورپ، امریکہ، سعودی عرب، خلیجی ممالک، شام، اردن، ترکی اور دیگر ممالک میں مؤمنین مذہبی جوش و جذبہ اور عقیدت کے ساتھ عزاداری میں حصہ لیتے ہیں۔

Read 729 times