تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کی حکومت کے متنازع عدالتی اصلاحات کیخلاف مسلسل پانچویں ہفتے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ دارلحکومت تل ابیب سمیت بیس شہروں میں بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔ تل ابیب میں بارش کے باوجود ہزاروں افراد نے متنازع عدالتی اصلاحات کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے انتہائی دائیں بازو کی کابینہ اور اس کے خطرناک ایجنڈے کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کابینہ کو عالمی امن اور جمہوریت کے لیے خطرہ قراردیا اور وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی پالیسیوں کی مذمت کی۔ حیفہ کے احتجاجی مظاہرے میں سابق وزیر اعظم یائر لاپڈ بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کو بچائیں گے کیونکہ ہم ایک غیر جمہوری ملک میں رہنے کو تیار نہیں ہیں۔