اسلام ٹائمز۔ دنیا کے مختلف ذرائع ابلاغ نے انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ کی تقریبات میں ایرانی عوام کی پرجوش شرکت کو رپورٹ کیا اور کوریج دی۔ اس حوالے سے روسی نیوز ایجنسی "اسپوٹینک" نے انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ پر نکلنے والی ریلیوں کی تصاویر جاری کیں اور لکھا کہ "عماد" بیلسٹک میزائل اور "شاہد 136" ڈرون کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے موقع پر تہران کے آزادی اسکوائر میں آویزاں کیا گیا۔ عرب میڈیا "المیادین" نے بھی گیارہ فروری کی مناسبت سے نکلنے والی ریلیوں کی لائیو کوریج کی۔ اسی مناسبت سے المیادین نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر لکھا کہ ایران میں انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ پر نکلنے والی ریلیوں میں عوام کی بھرپور شرکت کا کیا راز ہے۔؟ نیز چینی سفارت کار نے مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے ایران اور چین کے درمیان پائیدار دوستی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔