مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنی ایک ٹویٹ میں شام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عرب ممالک کے پارلیمانوں کے وفد کے دورہ دمشق کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ شام کے ساتھ عرب ممالک کے تعلقات میں حالیہ آغاز بشمول حالیہ تباہ کن زلزلے کے بعد شام سے اظہار یکجہتی کے لیے عرب ملکوں کے پارلیمانوں کے وفد کا دورہ دمشق حقیقت پسندانہ ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی یکجہتی کی راہ میں ایک مثبت قدم ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ خطے کے ممالک حقیقت پسندی اور ایک خود مختار قومی نقطہ نظر اختیار کر کے مکالمے اور علاقائی میکانزم کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں بشرطیکہ غیر ملکی تسلط پسند طاقتوں کی خواہشات کو نظر انداز کیا جائے۔
یاد رہے کہ عرب پارلیمنٹ کی یونین کے ایک وفد نے حال ہی میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے بعد شامی حکومت سے یکجہتی کے اظہار کے لیے دمشق کا دورہ کیا تھا۔
در ایں اثنا اتوار کے روز عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی کی سربراہی میں عرب پارلیمنٹس کے سربراہان کا وفد دمشق پہنچا اور شام کے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بعد شام کی پارلیمنٹ کی میزبانی میں ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مصر، عراق، متحدہ عرب امارات، لبنان، فلسطین اور اردن کی پارلیمانوں کے سربراہان نے خطاب کیا۔