مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ صہیونی نے گذشتہ نو مہینوں سے غزہ میں جارحیت کی انتہا کرتے ہوئے اب تک تقریبا 8600 طلباء اور 500 سے زائد اساتذہ کو شہید کردیا ہے۔
سکولوں کی عمارتوں میں کسی قسم کی تعلیمی سرگرمی نہیں ہورہی ہے اس کے باوجود صہیونی حکومت مسلسل حملے کرکے عمارتوں کو بھی تباہ کررہی ہے۔
کنعانی نے کہا کہ صہیونی فوج نے تازہ ترین واقعے میں غزہ کے قصبے الزیتون میں ایک اسکول پر حملہ کرکے درجنوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت اور اس کے مغربی آقاؤں کو معلوم ہونا چاہئے کہ جنایات کے ذریعے کبھی بھی غزہ میں ہونے والی شکستوں پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو حکومت اپنی بقا کے لئے جنایت اور ظلم کا سہارا لے رہی ہے تباہی اور خاتمہ اس کا انجام ہے جو کہ بہت نزدیک ہے۔