وحشی صیہونی حکومت کے نئے جرم کی مذمت

Rate this item
(0 votes)
وحشی صیہونی حکومت کے نئے جرم کی مذمت

 مصری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ میں اسکول پر بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے ثالثوں کی کوششوں کے باوجود صیہونی حکومت کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف جرائم میں اضافے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس حکومت کا جنگ ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے.

اردن کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ میں التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کی بمباری بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور شہریوں کی نسل کشی کے منصوبے میں تسلسل کے ساتھ  پناہ گاہوں کو نشانہ بنانا ہے۔

لبنان کی وزارت خارجہ نے تاکید کی کہ غزہ پر بمباری اور بچوں اور عام شہریوں کی ہلاکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی کابینہ بین الاقوامی قوانین کی پرواہ نہیں کرتی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود جرائم میں اضافہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ اسرائیل جنگ کو طول دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی برادری غزہ میں فلسطینیوں کے تحفظ اور انسانی تباہی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک سنجیدہ موقف اختیار کرے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں التابعین اسکول پر صیہونی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

قطر نے صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ میں اسکولوں اور پناہ گاہوں کو بار بار نشانہ بنائے جانے پر فوری بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔


 

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام اور خطے میں بے مثال انسانی تباہی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل مختلف فلسطینی گروہوں نے غزہ کے التابعین اسکول پر صیہونی بمباری میں امریکہ کو بھی برابر کا شریک جرم قرار دیا اور کہا کہ تل ابیب، فلسطینی پناہ گزینوں کا قتل عام امریکہ کے عطیہ کردہ ہتھیاروں سے کرتا ہے۔

نجف اشرف میں مرجع تقلید آیت اللہ سیستانی کے دفتر نے اپنے بیان میں صیہونی فوج کے التابعین اسکول کو نشانہ بنانے کے جرم کی مذمت کی اور کہا کہ یہ بھیانک جرم پے درپے ان جرائم کا سلسلہ ہے جو گزشتہ ماہ 10 سے جاری ہیں۔

ادھر یمن کی انصار اللہ تحریک نے غزہ شہر کے التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کے حملے میں 100سے زائد فلسطینی پناہ گزینوں کی شہادت کے ردعمل میں ایک بیان میں کہا کہ صیہونی حکومت نے خونریزی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور فلسطینی قوم کے خلاف ایک کے بعد ایک جرم کی مرتکب ہو رہی ہے۔

 

صیہونیوں کے وحشیانہ حملوں بشمول التابعین اسکول پر آج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جس میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے، عراق کے وزیر اعظم نے تاکید کی کہ صیہونیوں کے مظالم کے خلاف غزہ میں خواتین کی استقامت اور اپنے بچوں کے ساتھ صیہونیوں کے خلاف مزاحمت قابل فخر ہے اور یہ خواتین کا صبر ہی ہے جس نے غزہ کو زندہ رکھا ہے۔

ارنا  کے مطابق، صہیونی فوج نے اپنے تازہ ترین جرم میں ہفتے کی صبح غزا کے محلے الدرج میں التابعین نامی اسکول پر صبح کی نماز کے دوران بمباری کرکے 100 سے زائد فلسطینی نمازیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا۔

خبر رساں ذرائع کے مطابق اس اسکول میں 200 کے قریب فلسطینی پناہ گزین صبح کی نماز ادا کر رہے تھے جب انہیں صیہونی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

Read 71 times