عبادت میں سستی اور کاہلی سے بچنے کے طریقے

Rate this item
(0 votes)
عبادت میں سستی اور کاہلی سے بچنے کے طریقے

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں واقع مدرسہ عالی امام خمینیؒ میں منعقدہ ہفتہ وار درس اخلاق میں استاد محمدباقر تحریری نے عبادت میں سستی اور دینی فرائض کی انجام دہی میں کاہلی کے موضوع پر گفتگو کی۔

انہوں نے امام سجاد علیہ السلام کی دعائے مکارم الاخلاق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دعا میں عبادت میں سستی سے محفوظ رہنے کی دعا کی گئی ہے، عبادت میں سستی کی دو قسمیں ہیں: جسمانی اور روحانی، جو یا تو دینی امور سے بے رغبتی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے یا پھر انسان کے مقصدِ تخلیق سے غفلت اس کا سبب بنتی ہے۔

استاد تحریری نے وضاحت کی کہ اگر کوئی شخص اپنی خلقت کے بلند مقصد سے بے خبر ہو جائے تو آہستہ آہستہ دینی فرائض میں سستی کا شکار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے اس سستی کو صرف نماز و روزے تک محدود نہ سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ خمس، زکات اور حج جیسے مالی عبادات میں بھی داخل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے امام محمد باقر علیہ السلام کی ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو شخص دنیاوی معاملات میں بے پرواہ ہو جائے، وہ دینی ذمہ داریوں میں بھی سستی کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ دنیا اور آخرت کے معاملات میں توازن رکھا جائے اور ہر قسم کی غفلت سے بچا جائے۔

استاد اخلاق نے درس کے اختتام پر تاکید کی کہ انسان کو ہمیشہ اپنی تخلیق کے اعلیٰ مقاصد پر غور کرتے رہنا چاہیے، کیونکہ جتنا اس کی معرفت میں اضافہ ہوگا، اتنا ہی اس کی عبادات میں شوق و نشاط بڑھے گا۔

Read 8 times