عالمی یوم قدس ، صیہونیوں کے خلاف ملت اسلامیہ کے اتحاد کا مظہر

Rate this item
(0 votes)

عالمی یوم قدس ، صیہونیوں کے خلاف ملت اسلامیہ کے اتحاد کا مظہر

عالمی یوم القدس کی آمد آمد ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس دن مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ظالم صیہونی حکومت کے خلاف اپنی نفرت کا بھر پور انداز میں اظہار کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ جس کی خبریں پاکستان ، ہندوستان ، افغانستان اور ترکی سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے موصول ہورہی ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی اسی تناظر میں ایک کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گيا جس سے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اورخارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی اور فلسطینی شخصیات نے تقریریں کیں۔ مقررین نے عالمی یوم القدس کی اہمیت اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کرنے کے سلسلے میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے کردار پر روشنی ڈالی۔

علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی (رح) نے یوم قدس کو عالمی کرنے کے ساتھ مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کی ترجیحات میں سے قرار دیا۔ ڈاکٹر علاء الدین بروجردی نے آج تھران میں علاقائی سیاست و سیکورٹی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پرتو میں عالمی یوم القدس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں عالمی یوم القدس کو بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی فکر کی علامت قرار دیا اور کہا کہ امام خمینی نے مسئلہ فلسطین کو عرب قومیت کے دائرے سے نکال کر ملت اسلامیہ کے مسئلے میں تبدیل کردیا اور تین سو ملین عرب فوج کو مل اسلامیہ کی ڈیڑھ ارب فوج میں بدل دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ اسلام میں قدس شریف اور اس کا اعلی و ارفع مقام سرحدوں سے بالاتر رہا ہے اور قدس کا تعلق ساری ملت اسلامیہ سے ہے۔ڈاکٹر بروجردی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اور مسئلہ فلسطین اور اس مسئلے کو علاقائی و عالمی سطح پر ہمیشہ باقی و زندہ رکھنے کے لئے جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے عالم اسلام اور علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ تسلط پسند نظام اس کوشش میں ہے کہ سازشوں اور خطرناک منصوبوں پر عمل درآمد کے ساتھ اسلامی ملکوں میں خانہ جنگی شروع کروادے تاکہ ملت اسلامیہ کی توانائیوں اور صلاحیتوں پر ضرب لگا کر ان کو ماضی سے زیادہ کمزور کردے۔علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ جب سے فلسطین کی سرزمین میں صیہونیوں کو لا کر بسایا جانا شروع کیا گيا ہے اسے زمانے سے ملت فلسطین مسلمانوں کے ان دشنموں کے خلاف برسرپیکار ہے۔

اس کانفرنس میں فلسطینی شخصیات نے بھی عالمی یوم القدس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور صیہونیوں کے خلاف مسلمانوں کو متحد کرنے کے سلسلے میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح)نے مسلمانوں کے قبلۂ اول بیت المقدس کو صیہونیوں کے چنگل سے آزاد کرانے، عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے اورمسلمانوں کے خلاف صیہونیوں کی سازشوں کو طشت از بام کرنے کیلئے ماہ رمضان المبارک کے جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس کا نام دیا ہے اوراس روز دنیا بھرکے حریت پسند اس فرمان پر لبیک کہتے ہوئے امریکہ مردہ باد،اسرائیل مردہ باد اورعالمی صہیونیزم مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر قبلئہ اول کی آزادی کیلئے گھروں سے باہر نکلتے ہیں۔

یوم القدس کے دن تمام مسلمان گھروں سے باہر نکل آئیں گے اور ان کا نعرہ ایک ہوگا، انکی آواز ایک ہوگی، ان کا دشمن ایک ہوگا، اور انکا ہدف ایک ہوگا، اور یہ یوم القدس مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کا پیکر بن کر سامنے آئے گا۔ یوم القدس منانے کے مقاصد میں سے ایک مقصد لوگوں کی توجہ مسلمانوں کے اتحاد اور بیت المقدس کی جانب مبذول کرانا ہے، الحمداللہ اب روز بہ روز یوم القدس اپنی بلندیوں کو چھوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ اگر مسلمانان عالم کا یوم القدس منانے کا انداز اسی طرح اور اسی سطح پر بڑھتا رہا تو عنقریب ہم فلسطین اور قبلہ اول کو آزاد ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انشاءاللہ

Read 2465 times