خوشنما وعدے بہت ہوچکے، جوہری معاہدے پر عملدرآمد کروگے تو ہم بھی عمل کرینگے، آیت اللہ خامنہ ای

Rate this item
(0 votes)
خوشنما وعدے بہت ہوچکے، جوہری معاہدے پر عملدرآمد کروگے تو ہم بھی عمل کرینگے، آیت اللہ خامنہ ای

 ایران کے شہر تبریز کے عوام کی جانب سے اس وقت کی آمر شہنشاہی حکومت کے خلاف 18 فروری 1978ء (29 بہمن 1356ء) کے روز کئے جانے والے تاریخی قیام کی سالگرہ کے موقع پر رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے تبریز و آذربائیجان کی عوام سے خطاب کیا ہے۔ اس موقع پر رہبر انقلاب نے تبریزی عوام کو تاریخی قیام کی سالگرہ اور ماہ مبارک رجب کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ 29 بہمن 1356ء کے روز رونما ہونے والا واقعہ ایک جہادی اقدام اور تبریزی عوام کے لئے باعث افتخار امر ہے، تاہم (ایرانی علاقے) آذربائیجان کے اعزازات صرف انہی اقدامات تک محدود نہیں۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ملک میں ممتاز شخصیات کے وجود کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کا علاقہ ممتاز شخصیات کا سرچشمہ ہے، جس نے گذشتہ 150 سال میں دنیا کو نہ صرف بے شمار عظیم فقہاء، حکماء اور سائنسدان دیئے ہیں بلکہ آذربائیجان علم و ہنر، شعر و ادب اور تبریزی ہنر کی ماہر شخصیات کا بھی اصلی مقام ہے جن کا ایک نمونہ مرحوم شہریار رحمت اللہ علیہ ہیں۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہر آئے روز ملک کے خلاف ہونے والی نت نئی سازشوں کی اصلی وجہ یہ ہے کہ انقلاب کبھی نہیں رُکتا اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ ملک کس قدر تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے، البتہ ان شاء اللہ ایرانی قوم، حکام اور جوانوں کی طاقت ان سازشوں کو ناکام بنا کر رکھ دے گی۔ رہبر انقلاب نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ انقلاب اسلامی کے ثمرات میں سے ہے، جس کو پہچاننا انتہائی ضروری ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے تاکید کی دشمن اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی خاطر نفسیاتی جنگ سے فائدہ اٹھاتا اور ہماری ناکامیوں کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے، البتہ ہماری ترقی کو ہرگز ظاہر نہیں ہونے دیتا اور جانتے بوجھتے اُنہیں دنیا سے چھپاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاموں سے دشمن کا ہدف عوام کو مستقبل کے بارے بدبین کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے اُسے جھوٹ بولنے سے بھی کوئی عار نہیں۔

 

 


آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب کے آخر میں ایرانی جوہری معاہدے کی جانب اشارہ کیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے بطور کافی گفتگو کی جا چکی ہے، تاہم اب بھی بہت سی باتیں کہی اور وعدے دیئے جا رہے ہیں۔ رہبر انقلاب نے کہا کہ آج اس حوالے سے میں صرف یہی کہوں گا کہ ہم نے خوشنما باتیں اور وعدے بہت سنے ہیں، جن کی بعدازاں خلاف ورزی بھی کر دی جاتی ہے، تاہم اس مرتبہ صرف عمل! انہوں نے کہا  کہ جب ہم (معاہدے کے) دوسرے شرکاء کی جانب سے عمل ہوتا دیکھیں گے تو تب ہی عمل کریں گے اور اس مرتبہ اسلامی جمہوریہ ایران، حسب سابق صرف باتوں کے ذریعے قائل نہیں ہوگا

Read 822 times