ایران کی ترقی کی وجہ سے مغربی ممالک اس سے دشمنی برت رہے ہیں

Rate this item
(0 votes)

ایران کی ترقی کی وجہ سے مغربی ممالک اس سے دشمنی برت رہے ہیںاسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کی مرکزی نمازجمعہ آيت اللہ محمد علی موحدی کرمانی کی امامت میں ادا کی گئي۔ خطیب جمعہ تہران نے لاکھوں نمازیوں سے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی کی وجہ سے مغربی ممالک اس سے دشمنی برت رہے ہیں۔ آیت اللہ موحدی کرمانی نے ایران کے خلاف مغربی ملکوں کی غیر منطقی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں بظاہر ایٹمی پروگرام کے بہانے سے عائد کی گئی ہیں لیکن دشمنوں کا بنیادی ھدف عوام کو اسلامی حکومت کے خلاف لاکھڑا کرنا ہے۔ خطیب جمعہ تہران نے تاکید کی کہ دشمنوں کے تصور کے برخلاف عوام نے اس سال اسلامی انقلاب کی چونتیسویں سالگرہ کے موقع پر نکالےجانے والے جلوسوں میں بھر پور شرکت کی اور یہ واضح کردیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اھداف و مقاصد پر کاربند ہیں۔ آیت اللہ کرمانی نے کہا کہ مجلس خبرگان کے سربراہ اور اراکین کی رہبرانقلاب اسلامی سے ملاقات اور آئندہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کی ضرورت پر آپ کے جامع بیانات پر عمل کئے جانے کی ضرورت ہے۔ آیت اللہ موحدی کرمانی نے پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان جرائم میں ملوث افراد کو فوری طورپر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Read 1498 times