ایران کی جانب سے شام پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت

Rate this item
(0 votes)

ایران کی جانب سے شام پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمتاسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو میں شام پر صیہونی حکومت کے حملے اور علاقے کو بدامنی اور عدم استحکام سے دوچار کرنے پر اس ناجائز حکومت کے اصرار کی مذمت کرتے ہوئے علاقے کے ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوشیاری کے ساتھ اسرائیلی حملوں کے سامنے ڈٹ جائیں۔

انہوں نے صیہونی حکومت کی دھمکیوں کے مقابل علاقے کے ممالک کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے شام پر اسرائیل کے حملے اور دمشق میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابی حضرت حجر بن عدی کے مزار کی توہین کو معنی خیز قرار دیا اور کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی اسلامی ممالک کے درمیان نسلی اور مذہبی اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح چودہ جون دو ہزار تیرہ کو ہونے والے ایران کے صدارتی انتخابات کو دشمنوں کی سازشوں کے لیے ایک اور شکست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام آئندہ صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت کر کے اسلامی نظام کے دشمنوں کو دکھا دیں گے کہ وہ ملت ایران پر دباؤ ڈال کر اپنے من پسند نتائج حاصل نہیں کر سکتے ہیں کیونکہ ملت ایران ہمیشہ ایران کے اسلامی جمہوری نظام کی اصلی ترین حامی ہے۔

رامین مہمان پرست نے مزید کہا کہ ان تمام تر سازشوں کے باوجود بعض ملکوں میں اسلامی بیداری ایران کے ساتھ نئے تعاون کی نوید دے رہی ہے۔

Read 1423 times