رہبر معظم سے امسال حج کے حکام اور اہلکاروں کی ملاقات

Rate this item
(0 votes)
رہبر معظم سے امسال حج کے حکام اور اہلکاروں کی ملاقات

۲۰۱۴/۱۰/۲۸  - رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے رواں برس حج کے اہلکاروں اور حکام کے ساتھ ملاقات میں مخاطبین کی فکری اور معنوی ضروریات کے جواب کے سلسلے میں انقلابی اور خلاقانہ نگاہ کے پیش نظر حج کی کارکردگي کو مزید بہتر اور کارآمد بنانے کے لئے منصوبہ بندی  اور اسی طرح دشمنان اسلام کی جانب سے پیش کئے جانے والے شبہات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران اور عالم اسلام کے درمیان دیوار کھینچنا امت مسلمہ کے دشمنوں کے تکنیکی منصوبوں کا حصہ ہے اور حج کے عظيم اجتماع میں امت اسلامی کے خلاف جھوٹی تبلیغات کی وجہ سے غلط اور نادرست تصورات اور شبہات کو دور کرنے اور مصنوعی دیوار کو ختم کرنے کے سلسلے میں بہترین انداز میں استفادہ کرنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حج کی کارکردگی کے مفید اور کارآمد ارتقا کی تشریح میں خدمات رسانی کی تقویت اور حج کے مخاطبین کے لئے گرانقدر مواد کی فراہمی کے دو حصوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: حج کا مفید ،کارآمد اور حقیقی ارتقا حجاج کی فکری اور معنوی ضروریات کو پورا کرنے میں ہے اور اس سلسلے میں دعائے کمیل، مشرکین سے برائت اور سمیناروں جیسی جاری فعالیتوں کی کیفیت میں اضافہ کے لئے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ اور اسی طرح عالم اسلام کے اہم مسائل کے سلسلے میں حج کے مخاطبین کی فکری ضروریات کا خلاقانہ اور انقلابی نگاہ سے جواب دینا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نےاسی زاویہ سے اسلامی وحدت کو آج عالم اسلام کی حقیقی ضرورت اور نیاز قرار دیتے ہوئے فرمایا: مسلمانوں کے درمیان اتحاد و برادری ہمارے دینی اصول کا حصہ ہے اور اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا کسی سے کوئی تعارف نہیں ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی وحدت کو مختلف اسلامی فرقوں کے عقائد سے عدول کےمعنی میں قرارنہ دیتے ہوئے فرمایا: اسلامی وحدت ،اسلامی جمہوریہ ایران کا بنیادی نعرہ ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ مسلمان  ایکدوسرے کے ساتھ عداوت اور دشمنی نہ کریں اور اہم عالمی مسائل میں ایکدوسرے کی حمایت کریں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کو عالم اسلام سے جدا اور الگ کرنے کے سلسلے میں دشمن کی وسیع اور جھوٹی تبلیغات اور پروپیگنڈوں نیز دشمن کی جانب سے  تشییع کے بارے میں غلط اور نادرست تصورات اور شبہات پیدا کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ان شبہات کے جواب میں صرف کتاب لکھنا کافی نہیں ہے، بلکہ جائزہ لینا چاہیے کہ جھوٹی تہمتوں، الزامات اور شبہات کو ذہنوں سے پاک کرنے کے لئے کونسی ارتباطاتی روشوں اور طریقوں کو اختیار کیا جائے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے اختتام میں دشمن کے غیر حقیقی اور جھوٹے پروپیگنڈوں کو قبول کرنےمیں مؤثر عوامل اور خطرات کی شناخت پر بھی تاکید کی۔

اس ملاقات کے آغاز میں ولی فقیہ کے نمائندے اور ایرانی حجاج کے سرپرست حجۃ الاسلام والمسلمین قاضی عسگر نے امسال حج کے دوران انجام شدہ فعالیتوں کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: قرائت قرآن، تفسیر قرآن اور حفظ قرآن کے سلسلے میں سنجیدہ توجہ، دعائے کمیل اور دعائے عرفہ کے شاندار انعقاد، حج کے معارف کی تشریح کے سلسلے میں ممتاز شخصیات سے استفادہ، شہداء کے اہلخانہ کی تجلیل اور جانبازوں کی تکریم ، علماء کے درمیان باہمی فکری جلسات کی تشکیل ، تقریب مذاہب،فلسطین،اہلبیت علیھم السلام اور عالم اسلام کی وحدت کے سلسلے میں سمیناروں کا انعقاد حج میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بعثہ کی اہم سرگرمیوں کا حصہ رہا ہے۔

اسی طرح ادارہ حج کے سربراہ جناب اوحدی نے اس سال 64 ہزار ایرانی زائرین کی 451 قافلوں میں حج کے لئےمشرف ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایرانی حجاج کی 50 فیصد ضروریات کو ملک کے اندرونی وسائل کے ذریعہ پورا کرنے کی کوشش کی گئی اور اس سال حجاج کے قیام و طعام ، رفت و آمد نیز طبی ضروریات کو مطلوب سطح پر فراہم کیا گيا۔


 

 

Read 1342 times