پاکستانی شہری اچھے ایٹمی سمجھوتے کے منتظر ہیں

Rate this item
(0 votes)
پاکستانی شہری اچھے ایٹمی سمجھوتے کے منتظر ہیں

علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہفتے کے روز ارنا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی حمایت کی ہے اور اس وقت وہ، ویانا مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے اور ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان اچھے اور حتمی سمجھوتے پر دستخط ہونے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں- پاکستان کی شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے کہا کہ اسلام آباد صرف اس سمجھوتے کو تسلیم کرے گا جو ملت ایران کے مطالبات کی بنیاد پر ہوگا اور اس میں قومی و ایٹمی حقوق کی ضمانت دی گئی ہو گی- انھوں نے کہا کہ بلاشبہ ایسا سمجھوتہ علاقے اور عالمی برادری کے لئے بھی مفید ثابت ہو گا- علامہ ساجد علی نقوی نے ایران کے ساتھ مذاکرات کرنے والے مغربی فریقوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ، ایران کے حقوق کو نظر انداز کرکے یہ چاہیں کہ ہٹ دھرمی کے ذریعے اپنے مطالبات ایران پر مسلط کر دیں تو پھر یہ جان لیں کہ مذاکرات کے تعلق سے ان کی کئی برسوں کی کوششیں شکست سے دوچار ہو جائیں گی- پاکستان کے شیعہ مسلمانوں کے قائد نے عالمی یوم القدس کے حوالے سے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرح کسی بھی ملک نے فلسطینی امنگوں کی حمایت نہیں کی ہے اور یہ ایران ہی ہے کہ جس نے فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز کو اقوام عالم کے گوش گذار کیا-

Read 1458 times