دشمن جب دشمنی کے ذریعے اپنے مقصد میں ناکام ہوتا ہے تو دوستی کے لباس میں آتا ہے

Rate this item
(0 votes)
دشمن جب دشمنی کے ذریعے اپنے مقصد میں ناکام ہوتا ہے تو دوستی کے لباس میں آتا ہے

رپورٹ کے مطابق رہبرانقلاب اسلامی نے دشمن کی چالوں اور سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا ہے کہ دشمن جب دشمنی کے ذریعے اپنے مقصد میں ناکام ہو جاتا ہے تو وہ دوستی کے لباس میں نقصان پہنچاتا ہے.

آٹھ فروری انیس سو اناسی کو ایرانی فضائیہ کے حضرت امام خمینی( رح) سے تاریخی اعلان وفاداری کی سالگرہ کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈروں اور کارکنوں نے پیر کو رہبرانقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی.

رہبرانقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں دشمنوں کی چالوں اور سازشوں سے ہوشیار رہنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمن مسکرا کے ملتا ہے لیکن ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے کہ اس مسکراہٹ کے پیچھے اس کا کیا مقصد چھپا ہوا ہے - آپ نے فرمایا کہ ہمارے سامنے دشمنی کا ایک محاذ اقتصادی، ثفافتی اور سماجی میدانوں سے متعلق محاذ ہے - انہوں نے فرمایا کہ دشمن سے غفلت کوئی فخر کی بات نہیں ہے اور دشمن جب دشمنی کے ذریعے اپنے مقصد کے حصول میں ناکام ہو جاتا ہے تو دوستی کے لباس میں نقصان پہنچاتا ہے -

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایاکہ اگر ملک کے اقتصاد اور معیشت کو ہم اندر سے مستحکم بنائیں تو بے روزگاری ، کساد بازاری، اقتصادی جمود اور افراط زر کی شرح میں اضافے جیسی مشکلات ختم ہوجائیں گی - آپ نے فرمایا کہ مختلف پیداواری شعبوں میں ہمیں اپنی ملکی پیداوار کو بڑھانا ہوگا -

رہبرانقلاب اسلامی نے آئندہ چھبیس فروری کو ہونےوالے انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ انتخابات ان تنصراللہ ینصرکم کے مصداق ہیں آپ نے ایرانی عوام کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر آپ اسلامی جمہوری نظام کی مدد کریں گے تو اللہ بھی آپ کی مدد کرے گا.

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی سے لے کر اب تک دنیا کی بڑی مادی طاقتیں انقلاب کے مقابلے میں صف آرا رہی ہیں لیکن وہ اسلامی انقلاب کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکیں - رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جب انتخابات عوامی ہو جاتے ہیں اور اس میں عوام کے تمام طبقات شرکت کرتے ہیں تو ملک اور اسلامی جمہوری نظام کو عزت و سربلندی عطا ہوتی ہے اور ملک و نظام محفوظ ہو جاتا ہے - آپ نے فرمایا کہ اسی لئے انتخابات میں شرکت کرنا سب کا فریضہ ہو جاتا ہے اور سب کو انتخابات میں شرکت کرنی چاہئے.

Read 1463 times