مسلم اقوام کو بعض مغربی اور عرب ملکوں کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت

Rate this item
(0 votes)
مسلم اقوام کو بعض مغربی اور عرب ملکوں کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت

تہران کے خطیب جمعہ آیۃ اللہ امامی کاشانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ آج عالم اسلام تکفیری دہشت گرد گروہوں کے حامی بعض مغربی اور عرب ملکوں کی سازشوں کا شکار ہے- انہوں نے امت اسلامیہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سازشوں میں نہ آئے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لئے فقہی بنیادوں پر چارہ جوئی کرے-
انہوں نے ولایت فقیہ کو اسلامی معاشرے کے لئے امید وحوصلے کا باعث قرار دیا اور کہا کہ ولایت فقیہ علمی دلائل و استدلال کے ساتھ ساتھ سماجی اعتبار سے بھی امید بخش ہے-
تہران کے خطیب جمعہ نے نماز کے خطبے میں دفاع مقدس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی شجاعت و بہادری کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اسلامی اقدار کی پاسداری اور معاشرے کی حفاظت کی ہی راہ پر پوری قوت کے ساتھ گامزن ہیں-
انہوں نے ہفتہ دفاع مقدس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران میں جو غیر معمولی امن و سکون اور سلامتی پائی جا رہی ہے وہ ہماری مسلح افواج کی فداکاریوں اور کوششوں کی مرہون منت ہے-
ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے سرحدوں کی حفاظت اور اسلامی اقدار کی پاسداری میں شاندار کارنامے انجام دیئے ہیں-
تہران کے خطیب جمعہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر مسلم ممالک امن و استحکام کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور پہلے سے بھی زیادہ پائیداری اور ثابت قدمی کے ساتھ ترقی و پیشرفت کے مراحل طے کریں گے-

 

Read 1500 times