حلّہ میں زائرین حسینی(ع) کی شہادت کے حوالے سے رہبر انقلاب کا تعزیتی پیغام

Rate this item
(0 votes)

مقام معظم رہبری کے دفتر کی ویب سائٹ کے مطابق امام خامنہ ای نے عراق کے شہر ''حلہ'' میں دہشتگردانہ حملے اور ایران کے شہر ''سمنان'' میں ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے داعش کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہدا اور ٹرین  حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت طلب کی ہے اور اعلیٰ ایرانی حکام سے کہا ہے کہ ان تلخ واقعات کے بارے میں تحقیقات کریں اور بنیادی حل تلاش کریں تاکہ دوبارہ اس قسم کے دلسوز واقعات رونما نہ ہوں۔

رہبر معظم نے حکام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ "عراق کے شہر حلہ میں ایرانی اور غیرایرانی دسیوں عاشقان امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور سمنان میں پیش آنے والا ٹرین کا دل خراش واقعہ کہ جس میں متعدد زائرین امام رضا علیہ السلام جاں بحق ہوئے، کے ورثاء کے غم میں برابر کا شریک ہوں"۔

حضرت آیت اللہ امام خامنہ ای نے اربعین ملین مارچ کو ایک عظیم تاریخی حقیقت اور نعمت الہی قرار دیتے ہوئے کہا: دشمن عاشقان حسینی کے اربعین ملین مارچ کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے۔

رہبر معظم کا کہنا ہے کہ اربعین کے عظیم اجتماع کو دیکھ کر دشمن حواس باختہ ہوچکا ہے اور اربعین کی ملین مارچ نے دشمن کے تمام تر منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے جس کی وجہ سے دشمن انتقام لینے پر اتر آیا اور اس قسم کے بزدلانہ اور گھناؤنی حرکت کرکے اپنی خباثت اور پلیدی کا اظہار کیا ہے۔

رہبر معظم نے مزید کہا ہے کہ دنیا کے دیگر خطوں خاص کر نائیجریا، پاکستان اور افغانستان سے بھی اس قسم کے وحشیانہ حملوں کی خبریں موصل ہوئی ہیں۔

امام خامنہ نے مزید فرمایا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں اور اس کے حمایتی ممالک نے ایک بار پھر عالم اسلام کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔

امام خامنہ ای نے ٹرین حادثے اور حلہ حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے اللہ تعالی سے جلد شفا یاب ہونے کی دعا کرتے ہوئے اعلیٰ ایرانی حکام سے ان دونوں حادثوں کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

یاد رہے کہ عراق کے صوبہ بابل کے مرکزی شہر حلہ میں ایک دہشت گردانہ کار بم دھماکے میں 80 سے زائد زائرین شہید ہوگئے تھے۔

Read 1332 times