ایران میں عالمی وحدت کانفرنس میں شیعہ سنی دانشوروں اور علماء کا ایک ساتھ اجتماع دشمنان اتحاد کے منہ پر طمانچہ

Rate this item
(0 votes)
ایران میں عالمی وحدت کانفرنس میں شیعہ سنی دانشوروں اور علماء کا ایک ساتھ اجتماع دشمنان اتحاد کے منہ پر طمانچہ

 پیروان ولایت جموں و کشمیر کے زیر اہتمام بارہمولہ کے ہانجی ویرہ علاقے میں جشن عید میلاد النبی اور ھفتہ وحدت کا پروقار پروگرام منعقد ہوا۔ وادی کے شیعہ سنی علمائے کرام نے پروگرام میں شرکت کرکے مجلس کی رونق دوبالا کر دی۔مجلس میلاد سے خطاب کرتے ہوئے پیروان ولایت جموں و کشمیر کے صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے پیامبر اسلام حضرت محمد مصطفٰی  (ص) اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق(ع) کی ولادت باسعادت پر مبارکباد دی اور کہا ربیع الاول کا مہینہ ایک ایسا بابرکت اور عظیم الشان مہینہ ہے جس مہینہ میں رسول اکرم  (ص)کے مبارک قدم سے پوری کائنات منور ہوئی اور جہالت کا جنازہ نکل گیا ۔ وادی کے مشہور و معروف عالم دین اور کاروان اسلامی کے امیر مولانا غلام رسول حامی نے مجلس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بانی اسلام پیغمبر اکرم  (ص) کے اخلاق و اوصاف بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ دین اسلام کے دشمن ہر وقت شیعہ اور سنی میں اختلاف پیدا کرکے وحدت اسلامی کے قلعے کو ٹھیس پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا مسلمانان عالم پیغمبر اسلام کی سیرت اور سنت سے درس حاصل کر کے شیعہ سنی فسادات اور مسلکی اختلافات کو مٹا کر رحمت للعالمین کی خوشنودی حاصل کریں۔ مجلس میلاد اور ہفتہ وحدت سے خطاب کرتے ہوئے عالم دین مولانا شیخ غلام حسین جعفری نے کہا کہ رسول گرامی اسلام(ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع)کی سیرت پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ رسول اکرم نے سب سے پہلے زات پات ،رنگ و نسل اور قبیلہ پروری کا خاتمہ کر کے اخوت اور بھائی چارہ کا درس دیا اور آج نام نہاد مسلمان مسلمانوں کے صفوں میں اختلافات پیدا کرکے رسول اسلام سے محبت ہونے کے سراب دعوے کررہے ہیں۔سامراجی میڈیا کو ہدف تنقید بناتے ہوئےانہوں نے کہا کشمیر،فلسطین اور دیگر اسلامی مملکتوں میں اس میڈیانے جو رول ادا کیا وہ ناقابل بردشت ہے۔مولانا نے کہا عالم اسلام کے کے درمیان اتحاد تب تک ناممکن ہے جب تک وہ اسوہ رسول اور سیرت اہلبیت پر عمل نہ کریں گے انہوں نے جمہوری اسلامی ایران میں جاری عالمی وحدت کانفرنس کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا وحدت کانفرنس میں دنیائے اسلام کے شیعہ سنی دانشوروں اور علمائے کرام کا ایک ساتھ جمع ہونا ایک خوش آئند بات ہے اور دشمنان اسلام کے منھ پر زوردار طمانچہ ہے ۔مجلس میں وادی کے مشہور و معروف شاعر اہلبیت مدہوش بالہامی بھی موجود تھے جنہوں نے بھی اپنی سریلی آواز میں  رسول اسلام اور امام جعفر صادق کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کردئے۔

 

Read 1385 times