پاکستانی عوام سراپا احتجاج

Rate this item
(0 votes)
پاکستانی عوام سراپا احتجاج

پاکستان کے عوام نے سانحہ پاراچنار کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرکے واقعہ کی مذمت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلان پر سانحہ پارا چنار کے خلاف پورے پاکستان میں  کل یوم احتجاج منایا گیا۔

یوم احتجاج کے موقع پر اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، حیدر آباد، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔

مقررین نے پارا چنار میں بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

 اسلام آبادمیں پریس کلب کے سامنے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو پاکستان میں داخل ہونے سے روکا جائے۔ مفاد پرست اور موقع شناس خارجی طاقتیں پاکستان کی خودمختاری کے لیے چیلنج بنتی جا رہی ہیں۔ امت مسلمہ میں بھڑکائی جانے والی آگ کو طےشدہ سازش کے تحت پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پاکستان کی سالمیت و استحکام داعش اور دیگر کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی سے مشروط ہے۔ انہیں پاکستان میں فعال ہونے کا موقع دینا اپنے گھر کو آگ لگانے کے مترادف ہو گا۔ حکومتی اداروں کی لمحہ بھر کی غفلت ملکی بقا و سالمیت کو سنگین خطرات سے دوچار کر کے رکھ دے گی۔

علامہ بہشتی کا کہنا تھا کہ انتہاپسند عناصر پر ملکی سیاست میں حصہ لینے پر پابندی لگائی جانی چاہیے تاکہ ملک دشمن قوتوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل نہ ہو سکے۔ مختلف کالعدم جماعتوں کو داعش میں شامل ہونے سے روکنے کے لیے موثر حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ سانحہ پاراچنار متعلقہ اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ پاراچنار کے عوام کو حب الوطنی کی سز ا نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے بیس کروڑ افراد کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔ سانحہ پاراچنار میں ملوث عناصر کا انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

جعفریہ الائنس کے سینئر نائب صدر علامہ حسین مسعودی نے فیڈرل بی ایریا گلبرگ میں منعقدہ تعزیتی نشست سے خطاب کے دوران کہا کہ شیعہ مسلمانوں کو تسلسل سے قتل کرنیوالوں کو حکومتی سرپرستی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارہ چنار اور صوبہ سرحد کے دیگر علاقوں میں خارجی ٹولہ بے گناہوں کا خون بہا رہا ہے، لیکن حکومت اور ریاستی ادارے انہیں روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک دشمن خارجی اور تکفیری گروہ تسلسل سے شیعہ مسلمانوں کو قتل کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ سنیچر کے روز پاراچنار میں ہونے والے دھماکے میں 25 افراد شھید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

 

Read 1415 times