فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

Rate this item
(0 votes)
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

 

پاکستان میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئےعلامتی بھوک ہڑتال کیمپ لگائے گئے اور ریلی نکالی گئی۔

فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے عنوان سے کراچی پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال کیمپ لگایا گیا، علامتی بھوک ہڑتال کا مقصد غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جیلوں میں قید 16 سو بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کرنا اورعالمی برادری کی توجہ فلسطین میں غاصب اسرائیل کے ناجائز قیام کے نتیجہ میں ہونے والی نسل پرستانہ کاروائیوں اور اسرائیلی جعلی ریاست کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی پائمالی کی طرف توجہ مبذول کروانا تھا۔

اسی طرح فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں یوم نکبہ کی مناسبت سے فلسطینی عوام کے حق میں اور فلسطین پر قائم ہونے والی جعلی ریاست اسرائیل کے خلاف کراچی پریس کلب روڈ پر یکجہتی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اراکین، طلباء تنظیموں کے ساتھ ساتھ یوتھ تنظیموں کے نمائندوں اور پاکستان میں مقیم فلسطینی طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یکجہتی فلسطین مارچ میں شرکاء نے پاکستان اور فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور سنہ 48ء میں فلسطین پر قائم ہونے والی ناجائز ریاست اسرائیل کیخلاف سراپا احتجاج تھے، اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطین فلسطینیوں کا وطن، اسرائیل نامنظور، مردہ باد امریکا، فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، اسرائیل جعلی ریاست ہے، جیسے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے اور امریکی و اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین میں غاصب اسرائیل کا ناجائز تسلط قائم ہے اور مظلوم فلسطینیوں کو بے گناہ قید و بند میں رکھا جاتا ہے جس کے خلاف اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی قیدیوں نے گزشتہ ایک ماہ سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے، تاکہ عزت و شرافت اور کرامت کے ساتھ زندگی گذاریں۔ فلسطینی بھوک ہڑتالی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ پر پاکستان میں مقیم فلسطینی طلباء کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

 

Read 1343 times