پارلیمانی تعلقات کی تقویت پر ایران اور پاکستان کی تاکید

Rate this item
(0 votes)
پارلیمانی تعلقات کی تقویت پر ایران اور پاکستان کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے دونوں ملکوں کے پارلیمانی تعلقات کی تقویت اور دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کی کوششوں پر تاکید کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے پارلیمانی اسپیکروں کی اسلام آباد میں انجام پانے والی ملاقات میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے چھے ملکوں کی بین العلاقائی اسپیکرز کانفرنس میں ایران کے پارلیمانی وفد کی شرکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی شرکت، کانفرنس کی کامیابی کی ایک بہترین دلیل ہے-

پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دشمن ایک ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایران کو اسلام آباد کا بہترین دوست سمجھا جاتا ہے-

سردار ایاز صادق نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ پاکستان کی گوادر اورایران کی چابہار بندرگاہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی تقویت میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں، ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو گوادر بندرگاہ کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی-

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ، مجلس  شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات تمام میدانوں میں بہترین نوعیت کے ہیں، کہا کہ گوادر اور چابہار بندرگاہ کے درمیان سڑک اور ریلوے  کا بھی رابطہ ہونا چاہئے-

انہوں نے کہا کہ اگر گوادر اور چابہار کو سڑک اور ریلوے سے ملانے کے  بارے میں سمجھوتہ ہو جاتا ہے تو یہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہو گا-

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھوتہ دنیا کے ملکوں کے لئے مثبت پیغام کا حامل ہو سکتا ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی، دہشت گردی کے مسائل اور بین العلاقائی روابط کے زیرعنواں پہلی چھے ملکی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد کے دورے پر ہیں، جو اتوار کو  منعقد ہوئی-

انہوں نے اس ملاقات میں پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کو تہران میں ہونے والی اسلامی ملکوں کی انٹرپارلیمنٹری یونین کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

یہ کانفرنس جنوری میں ہوگی- اسلام آباد میں چھے ملکوں کی اسپیکرز کانفرنس میں ایران، پاکستان، افغانستان، افغانستان، چین، روس اور ترکی کے پارلیمانی اسپیکروں نے شرکت کی-  

 

Read 1364 times