امریکا کے مخاصمانہ اقدامات کا بدلہ لینے پر رہبرانقلاب اسلامی کی تاکید

Rate this item
(0 votes)
امریکا کے مخاصمانہ اقدامات کا بدلہ لینے پر رہبرانقلاب اسلامی کی تاکید

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ ایران کے حالیہ ہنگاموں کی منصوبہ بندی امریکا صیہونیوں اور خلیج فارس کی ایک حکومت نے کی تھی

قم کے ہزاروں شہریوں نے انیس دی مطابق نو جنوری انیس سو اٹھہتر میں قم کے عوام کی انقلابی تحریک کی سالگرہ کی مناسبت سے منگل کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی-

اس موقع پر اپنے خطاب میں رہبرانقلاب اسلامی نے ایران کے حالیہ واقعات کے پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ انٹلیجنس کے قرائن و شواہد سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ان منظم ہنگاموں اور ان کی منصوبہ بندی میں ایک مثلث سرگرم تھا -

آپ نے ایرانی عوام کے جائز مطالبات سے غلط فائدہ اٹھانے کی دشمنوں کی سازشوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ حالیہ واقعات میں ملوث مثلث یا تکون کا ایک سر امریکا اور صیہونی حکومت کی شکل میں تھا جنھوں نے ان واقعات اور ہنگاموں کی منصوبہ بندی کی تھی اور اس پر انہوں نے کئي مہینے سے کام کیا تھا اور ان کا پروگرام تھا کہ ہنگاموں کو چھوٹے شہروں سے شروع کریں اور پھر انہیں دارالحکومت تک پہنچائيں -

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس مثلث یا تکون کا دوسرا جز خلیج فارس کی ایک مالدار حکومت تھی جس نے اس پوری منصوبہ بندی کا خرچ اٹھایا اوراس مثلث یا تکون کا تیسرا عمودی حصہ وہ ایجنٹ اورآلہ کار تھے جو انسانوں کا قتل کرنے والی منافقین کی دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ہیں اور اس کے لئےانہیں مہینوں قبل سے تیار کیا گیا تھا-

رہبرانقلاب اسلامی نے دشمنوں کے ذرائع ابلاغ کے بعض پروپیگنڈوں کا بھی ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ایران میں ہنگاموں کی منصوبہ بندی اور ان ہنگاموں کو برپا کرنے کے لئے ایران کے پڑوس میں دو اڈے یا بیس بنائے گئے تھے ان میں سے ایک بیس سائبراسپیس کے ذریعے کارروائياں آگے برھانے کے لئے تھا اور دوسرا اڈہ ہنگامے اور بلوے کرانے کے لئےتھا اور دونوں ہی اڈوں کو امریکی اور صیہونی چلارہے تھے اور اپنی کامیابی کا انہیں پورا یقین بھی ہوگیا تھا -

رہبرانقلاب اسلامی نے ہنگاموں کے لئے دی گئي کال اور دعوت کی جانب بھی اشارہ کرتے ہوئےفرمایا کہ اس میں پہلے مہنگائي کے خلاف نعرہ دیا گيا تاکہ اس کے ذریعے لوگوں کو سڑکوں پر نکالیں اور کچھ لوگ مہنگائي کے خلاف سڑکوں پر نکل بھی آئے لیکن جیسے ہی انہوں نے دیکھا کہ نعرہ اور مقصد تبدیل ہوگیا ہے تو لوگوں نے خود کو ان ہنگاموں سے الگ کرلیا -

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکی حکمراں ٹولے کو مخاطب کرتے ہوئے تین اہم نکات پر زوردیا اور فرمایا کہ حالیہ واقعات میں بھی تمہارا سر پتھر سے جا ٹکرایا اور تم ناکام ہوگئے اور اگرآئندہ بھی ایسی غلطی کرو گے تو پھر تمہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑےگا ۔ دوسرے یہ کہ پچھلے چند روز کے دوران تم نے ایران کو جو نقصان پہنچایا ہم اس کا بدلہ لئے بغیر نہيں رہیں گے اور تیسرے یہ کہ تمہارے پاگل پن کا ہرحال میں جواب دیا جائےگا -

رہبرانقلاب اسلامی نے زور دے کر فرمایا کہ ایرانی عوام کے دشمنوں کے خلاف ایرانی عوام کی جنگ ، ایران کے دشمنوں کے خلاف ایران کی جنگ اور دشمنان اسلام کے خلاف اسلام کی جنگ پچھلے چالیس برسوں کی طرح آئندہ بھی جاری رہے گی لیکن اس درمیان ایرانی حکام کو عوام کے مسائل و مشکلات سے غافل نہیں ہونا چاہئے- رہبرانقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایک بار پھر ایرانی عوام نے پوری طاقت سے امریکا اور برطانیہ کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور انہیں واضح پیغام دیا ہے کہ اس بار بھی تم کچھ نہيں کرسکے اور آئندہ بھی کچھ نہیں کرسکو گے- رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب نے ایران میں دشمن کی جڑیں کاٹ کر پھینک دیں اسی لئے دشمن مسلسل انقلاب سے بدلہ لینے کی کوشش کرتاہے اور ہر بار اس کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتاہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے اسلامی نظام اور انقلابی اقدار کی حمایت میں پچھلے چند روز کے دوران ایرانی عوام کے ذریعے نکالی گئیں شاندار ریلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی عوام نے اس بار بھی امریکا، برطانیہ اور لندن میں بیٹھے ہوئے عناصر کو پوری طاقت کے ساتھ منہ توڑ جواب دیا ہے-

Read 1319 times