حق کی کامیابی"حق و باطل" کی جنگ کا بنیادی نکتہ ہے، رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

Rate this item
(0 votes)
حق کی کامیابی"حق و باطل" کی جنگ کا بنیادی نکتہ ہے، رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی عوام اور نوجوان نسل کے ایمان و تقوی کو امریکہ اور صیہونیزم کے حملوں کے مقابلے میں ایرانی عوام کی استقامت و پائیداری کا راز قرار دیا ہے۔

فقہا کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے ارکان کے ساتھ ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکہ اور صیہونیزم کے وسیع سیاسی، مالی، فوجی اور ثقافتی محاذ کے حملوں کے مقابلوں میں ایران کی استقامت اور کامیابیاں، ایرانی عوام اور نوجوان نسل کے ایمان و تقوی کی برکات کا نتیجہ ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حق کے محاذ کی حمایت کے الہی وعدے کو برحق، یقینی، اطمینان بخش اور باعث نشاط قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اس مسلمہ وعدہ الہی کے پورا ہونے کی شرط یہ ہے کہ علمائے کرام، حکومتی عہدیدار اور تعلیمی اداروں اور ذرائع ابلاغ کے ذمہ دار افراد معاشرے کی ایمانی تربیت، تقوی کی عملی پاسداری، اشرافیت سے گریز اور محنت و کوشش کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پوری تندہی کے ساتھ انجام دیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے، دشمنوں کے ہمہ گیر حملوں کے ساتھ ساتھ، سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیکورٹی کے میدان میں ایران کی سخت مجاہدت اور کٹھن جدوجہد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی جمہوریت، دینی حکومت کا وجود اور اسلامی نظام کے اہداف اور امنگوں کی تکمیل یعنی توحید، سماجی انصاف، ظلم کے خلاف جنگ اور مظلوم کی حمایت ایسے معاملات ہیں جو دشمنان دین کو جنگ اور جارحیت پر کمر بستہ کرتے ہیں اور جیسا کہ قران کریم کی متعدد آیات میں آیا ہے کہ حق کے محاذ کو تاریخ کے ہر دور میں باطل قوتوں کے حملوں کا سامنا رہا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حق کی کامیابی کے الہی وعدے کو حق و باطل کے درمیان جاری معرکہ آرائی کا اہم ترین نکتہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ صداقت و صبر، بصیرت و ہمت اور استقامت و پائیداری اس الہی وعدے کی تکمیل کی شرائط ہیں اور ان شرائط پر عمل کیا جائے تو نصرت الہی کا وعدہ ضرور پورا ہو گا۔

قبل ازیں مجلس خبرگان رہبر کی ارکان نے کونسل کے چیرمین آیت اللہ جنتی کی قیادت میں اسلامی جہموریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی اور ایک بار پھر انقلاب اسلامی کی امنگوں کی تکمیل کا عہد کیا۔

Read 1212 times