ایران اور پاکستان سرحدوں پر مشترکہ گشت پر متفق

Rate this item
(0 votes)
ایران اور پاکستان سرحدوں پر مشترکہ گشت پر متفق

ایران کی سرحدی پولیس فورس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ مشترکہ سرحدوں کی سلامتی کو یقینی بنانا، پاکستان کی حکومت اور سیکورٹی حکام کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ایران کی سرحدی پولیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل قاسم رضایی نے پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ سرحدوں میں قیام امن و سلامتی کو یقینی بنانا پاکستان کے عسکری اور سیکورٹی اداروں کی اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایسے علاقے ہیں کہ جنہیں شرپسند عناصر بدامنی پھیلانے کے لئے استعمال کرتے ہیں تاہم پاکستان کے سیکورٹی حکام ان علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے اور ایران سے ملحقہ سرحدوں کی سلامتی کو مزید بہتر کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل قاسم رضایی نے کہا کہ مشترکہ سرحدوں کر پُرامن بنانے کے لئے پاکستانی فریق سے کافی عرصے سے گفتگو کا سلسلہ جاری تھا جس کا نتیجہ مثبت نکلا اور اب ایران اور پاکستان کے سرحدی حکام اور فورسز سرحدی علاقوں میں مشترکہ گشت کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایران و پاکستان کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ طور پر مہم چلانا ہے جبکہ اس سلسلے میں افغانستان کے ساتھ بھی مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

 

Read 1092 times