عید نوروز کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام

Rate this item
(0 votes)
عید نوروز کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام

ایرانی قوم نے نئے ہجری شمسی سال کا آغاز ، رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام نوروز کے ساتھ کیا۔ ایسا پیغام جو اہم نکات اور امیدوں سے سرشار ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے نئے ہجری شمسی سال 1397 کے آغاز اور نوروز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں ایرانی عوام اور خاص طور پر شہدا کے اہل خانہ اور جوانوں نوجوانوں کے لئے خیر و برکت کا سال قرار دیتے ہوئے اس سال کو ایرانی مصنوعات کی حمایت کا سال قرار دیا۔

جو سال گذرا وہ ملت ایران کے لئے ایک ایسا سال تھا جو نشیب و فراز اور تلخ و شیریں واقعات اور ساتھ ہی اہم کارناموں کے ہمراہ تھا-

صدارتی اور شہری کونسلوں کے انتخابات میں چالیس ملین سے زیادہ عوام کی شرکت بھی ایک درخشاں کارنامہ تھی کہ جس میں رہبر انقلاب اسلامی کے بقول عوام نے بڑے پیمانے پر اور بھرپور شرکت کی ۔ اور پھر شرکت کا یہی سلسلہ ، یوم قدس کے جلوسوں، تیس دسمبر کی ریلیوں اور سب سے زیادہ بائیس بھمن یعنی اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی ریلیوں میں بھی بھرپور طور پر جاری رہا- یہی سبب ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں اس نئے سال کو عظمت و اقتدار اور عوام کی بھرپور شرکت کا سال قرار دیتے ہوئے گذشتہ سال کے آخری مہینوں میں بدامنی پیدا کرنے کے لئے دشمنوں کی ناکام کوششوں اور منصوبوں کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ اس طرح کی سازشوں اور واقعات کے بعد ایرانی عوام نے ملک کے مختلف علاقوں میں کئی روز تک پئے درپئے ریلیوں میں شرکت کر کے اپنی ہوشیاری اور بصیرت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ جب بھی ضروری ہو گا وہ میدان میں فوری طور پر حاضر اور موجود ہوں گے- نئے شمسی سال کی مناسبت سے رہبر انقلاب اسلامی کا پیغام اس لحاظ سے اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔

لیکن دوسری جہت سے رہبر انقلاب اسلامی کا بیان  مواقع، دھمکیوں اور خطرات کی حقیقی شناخت کی ضرورت پر تاکید ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں نے گذشتہ سال اندرون و بیرون ملک سے مختلف سازشیں اور پروپگنڈے کرکے، اسلامی جمہوریہ ایران کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اسی سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جو لوگ علاقائی اور عالمی مسائل سے باخبر ہیں وہ جانتے ہیں کہ پچھلے سال اسلامی جمہوریہ ایران نے ان خطرات اور دھمکیوں کو مواقع میں تبدیل کر دیا اور یہ دھمکیاں نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکیں بلکہ مواقع میں تبدیل کر دی گئیں۔

اب نئے سال کا آغاز ایسی حالت میں ہوا ہے کہ ایرانی قوم تمام میدانوں میں پوری قوت و اقتدار کے ساتھ دباؤ اور دھمکیوں کے مقابلے میں کھڑی ہے اور پورے عزم و حوصلے کے ساتھ آگے کی سمت قدم آگے بڑھا رہی ہے تاکہ دھمیکوں کو بدستور مواقع میں تبدیل کردے ۔

اسی سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی کے نورز کے پیغام میں بھی اس سال بھی معیشت کے مسئلے پر خاص تاکید کی گئی ہے۔ آپ نے اس نئے شمسی سال کو ایرانی مصنوعات کی حمایت سے موسوم کرکے معیشت کے مسئلے کی اہمیت کو ایک بار پھر واضح کیا اور فرمایا کہ اگر قومی پیداوار کے لئے سب مل کر محنت اور لگن سے کام کریں تو عوام کی بہت سی معاشی مشکلات اور بے روزگاری اور سرمایہ کاری کے مسائل حل ہو جائیں گے اور معاشرے کو درپیش مسائل میں کمی آئے گی۔ اسی بنیاد پر اس سال کو میں نے ایرانی مصنوعات کی حمایت سے موسوم کیا ہے۔

اسی مسئلے پر گذشتہ سال کے سلوگن ،  "مزاحمتی اقتصاد، پیداوار اور روزگار" میں بھی تاکید گئی تھی اور اس سلسلے میں اہم اقدامات بھی انجام پائے۔ اس کے باوجود ابھی بھی بہت سے کام تشنہ رہ گئے ہیں اس لئے اس سلوگن کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنائے جانے کی ضرورت ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے نوروز کے پیغام میں جو اہم نکات بیان کئے وہ درحقیقت نئے سال میں عظیم کامیابیوں تک رسائی کے لئے روڈمیپ ہیں۔     

 

Read 1406 times