امتِ مسلمہ ہماری سخت جوابی کارروائیوں کے اثر سے محظوظ ہوگی ہمارا اسٹریٹیجک انتقام وسیع جغرافیے پر لمبے عرصے کا اور فیصلہ کن ہوگا، جنرل حسین سلامی

Rate this item
(0 votes)
امتِ مسلمہ ہماری سخت جوابی کارروائیوں کے اثر سے محظوظ ہوگی ہمارا اسٹریٹیجک انتقام وسیع جغرافیے پر لمبے عرصے کا اور فیصلہ کن ہوگا، جنرل حسین سلامی
اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے امریکی دہشتگردانہ کارروائی میں سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی مظلومانہ شہادت پر تبریک و تسلیت عرض کی اور کہا کہ شہید قاسم سلیمانی ولایت (اسلامی) کے سپاہی اور ایک ایسے کمانڈر تھے جنکی مثال صرف افسانوں میں ہی مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے 41 سالوں سے جہادی لباس اپنے بدن سے جدا نہیں ہونے دیا جبکہ انہوں نے ایسے تمامتر معرکوں کے دوران میدان میں حاضر رہ کر فیصلہ کن کردار ادا کیا جنکے دوسری طرف امریکی اور اسکے اتحادی موجود تھے، تاہم انہوں نے خطے میں کبھی امریکی فیلڈ پالیسیوں اور آپریشنل اسٹریٹیجیز کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے فلسطینی مزاحمتی محاذ کو طاقتور بنا کر غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کی کاوشوں کی وجہ سے آج اسرائیلیوں کے زیر کنٹرول مقبوضہ فلسطین کے تمامتر مقامات اس فلسطینی اسلحے کی زد پر ہیں، جو خود فلسطین میں بن رہا ہے اور ٹھیک نشانے پر مار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کو زندگی و موت کے درمیان قرار دے کر تلوار کی تیز دھار پر رکھنا ہے۔

سپاہ پاسداران ایران کے کمانڈر انچیف نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جارح قوتوں سے ضرور پشیمان کر دینے والا انتقام لیا جائیگا، کہا کہ امریکہ کی اس دہشتگردانہ کارروائی پر قطعی نتائج کا حامل اور اسلامی دنیا سے امریکی موجودگی کو ختم کر دینے والا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جس کے بعد اسلامی دنیا میں امریکہ کیلئے کوئی مقام باقی نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جوابی کارروائیوں کی ماھیت، اُنکا وقت اور جگہ، دشمن کو ہمارے جواب مل جانے تک خفیہ رہے گی، جبکہ پوری دنیا پر موجود امتِ مسلمہ ہماری سخت اور پاش پاش کر دینے والی ان جوابی کارروائیوں کے اثر سے محظوظ ہوگی۔

سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے کہا کہ جو بھی امریکہ کا میزبان بنے گا، امتِ مسلمہ کا دشمن تصور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کا میزبان بننے والے ممالک کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے رویّوں اور اپنی خفیہ سازشوں پر نظر ثانی کریں، کیونکہ ہم ان پر نزدیک سے نگرانی کر رہے ہیں، تاہم ان ممالک کو چاہیئے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کہیں وہ خود ہی امریکی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھ جائیں۔ انہوں نے کہا ان ممالک کو چاہیئے کہ وہ غور کریں کہ کہیں اپنی اقتصادی، اجتماعی، تہذیبی اقدار اور قومی سالمیت کو امریکی سیاست کے قدموں پر نچھاور کرکے وہ امریکی اسٹریٹیجک پالیسیوں کی قیمت نہ چکاتے رہیں۔

ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے خطے کے مستقبل کو انتہائی درخشاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے سے امریکی موجودگی کے خاتمے پر خطے میں استحکام، پیشرفت، توازن اور امن و امان کی فضا اپنے عروج کو پہنچ جائے گی۔ جنرل حسین سلامی نے اپنے خطاب کے آخری حصے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر کہ ایران کسی جنگ میں کامیاب نہیں ہوا جبکہ ہر مذاکرے میں ایران نے شکست ہی کھائی ہے، جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو حالیہ تاریخ کا بغور مطالعہ کرنا اور اپنی نگاہ کو اٹھا کر گذشتہ کچھ دہائیوں کو بغور دیکھنا چاہیئے، تاکہ وہ جان سکے کہ یہ ایران ہی ہے جو تمام جنگوں میں کامیاب رہا ہے اور اسی طرح ایران نے کسی مذاکرے میں شرکت نہیں کی، مگر یہ کہ وہ اپنے عادلانہ کردار اور جوانمردانہ رویئے کے بل بوتے پر ہمیشہ کامیاب رہا ہے۔
 
 
 
Read 929 times