پاکستان اور ایران کی دوستی لازوال ہے قاسم سلیمانی کی شہادت عالم اسلام میں اتحاد لے آئی ہے، رضا ناظری

Rate this item
(0 votes)
پاکستان اور ایران کی دوستی لازوال ہے قاسم سلیمانی کی شہادت عالم اسلام میں اتحاد لے آئی ہے، رضا ناظری
خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور میں انقلابِ اسلامی ایران کی اکتالیسویں سالگرہ اور شہید کمانڈر قاسم سلیمانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے محفل تجلیل کا اہتمام کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ عالم اسلام میں پاکستان ایک چمکتا ہوا نگینہ ہے، جس نے ہمیشہ ایران کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھا ہے۔ تقریب میں ڈی جی خانہ فرہنگ علی اکبر رضائی فرد، پرنسپل جامعۃ المنتظر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، بیت رہبری علامہ علی رضا نقوی، سابق چیئرمین امامیہ آرگنائزیشن لعل مھدی خان، چیئرمین انجمن شھریان لاہور شفیق رضا قادری سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں قاسم سلیمانی کی زندگی اور شخصیت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی گئی۔ ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی جیسی شہادت کی موت ہر مسلمان چاہتا ہے، قاسم سلیمانی کی شہادت عالم اسلام میں اتحاد لے آئی ہے، جس کی اشد ضرورت تھی، امریکی دہشتگردی کو ہر کسی نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالم اسلام میں پاکستان ایک چمکتے ہوئے نگینے کی مانند ہے، پاکستانی دلیر، شجاع اور بہادر قوم ہے، مجھے قاسم سلیمانی کی تعزیت پاکستانیوں سے کرنی چاہیئے۔

دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ جنرل قاسم سلیمانی نے ہمیشہ امت مسلمہ کا دفاع کیا اور عراق کا دورہ بھی اسی سلسلے میں تھا، جس میں انہیں شہادت مل گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی جنرل قاسم سلیمانی کے شکر گزار ہیں کہ ان کی وجہ سے داعش کا فتنہ پاکستان میں داخل نہیں ہوا اور قاسم سلیمانی نے سپر بن کر پاکستان کا دفاع کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی لازوال ہے، وقتی بحران اور بیرونی مداخلت اسے کم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو بھی دوست اور دشمن کی پہچان کرنی چاہیئے، مسئلہ کشمیر پر ایران نے کھل کر پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے۔
 
 
 
Read 1148 times