ایران میں دواؤں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے کیلئے عالمی برادری واشنگٹن پر دباؤ ڈالے، اسلامی انسانی حقوق کمیشن

Rate this item
(0 votes)
ایران میں دواؤں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھانے کیلئے عالمی برادری واشنگٹن پر دباؤ ڈالے، اسلامی انسانی حقوق کمیشن

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قائم اسلامی انسانی حقوق کمیشن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اندر جدید کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ایران میں ادویات کی درآمد پر عائد امریکی پابندی کے برقرار رکھے جانے کو بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اسلامی انسانی حقوق کمیشن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، عالمی صحت تنظیم (WHO) کے سربراہ، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے ہائی کمشنر اور اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے یکطرفہ کارروائی کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جب پورے ایران میں جدید کرونا وائرس پھیل چکا ہے، ایران پر امریکی پابندیوں کا برقرار رکھا جانا ایرانی عوام سمیت پورے خطے کی عوام کی توہین اور بین الاقوامی رواداری کے خلاف ہے۔ اسلامی انسانی حقوق کمیشن نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حساس موقع پر امریکی ناروا سلوک کے سامنے ڈٹ جائے اور ایرانی عوام کیلئے ضروری دواؤں اور طبی سازوسامان کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔


اسلامی انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ مسعودہ شجرہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگیوٹرش سمیت اقوام متحدہ کے اہم اداروں کو لکھے گئے اپنے خط میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران میں دواؤں اور طبی سازوسامان کی درآمد پر عائد امریکی پابندیوں کو ہٹانے کے لئے واشنگٹن پر دباؤ ڈالیں تاکہ ایران کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے کرونا کی تشخیصی لیب کٹ سمیت تمام ضروری سازوسامان اور دوائیں بین الاقوامی بازار سے خرید سکے۔ اسلامی انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے لکھا کہ امریکی پابندیاں ایران کے لئے ضروری دواؤں اور طبی سازوسامان کے مہیا کئے جانے کیلئے مختلف کمپنیوں کے باہمی تعاون پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ مسعود شجرہ نے اپنے خط میں ایرانی عوام کی صحت پر امریکی پابندیوں کے مضر اثراث کے بارے عالمی صحت تنظیم (WHO) کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی پابندیاں ایران میں کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے غیر ملکی کمپنیوں کے تعاون میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے ایرانی کاوشوں پر دنیا بھر ایران کی ممنونِ احسان ہے جبکہ عالمی برادری کو کم از کم کرونا کے کنٹرول کئے جانے تک ایران پر عائد امریکی پابندیوں کے اٹھائے جانے کے لئے امریکہ پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔

Read 956 times